بہتر کارکردگی پر 2018ء میں پی ٹی آئی پھر بر سر اقتدار ہو گی :محمود خان

بہتر کارکردگی پر 2018ء میں پی ٹی آئی پھر بر سر اقتدار ہو گی :محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ، ثقافت ، میوزیم ، امور نوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے منتخب صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنی مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کی بناء پر صوبے سے خود غرضوں ،مفادپرستوں اور نام نہاد پختونوں کے حقوق کے علمبرداروں کے منفی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا ہے اورصوبے میں انصاف پر مبنی ایک شفاف نظام کر دیا ہے جس کے تحت عوام کے کام رشوت اور سفارش کے بغیر آسانی سے ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع مادیات مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے اہم کارکن شاہ وزیر ، جاوید ، عمرزادہ ، علی باز خان اور وکیل خان نے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ تقریب سے تحصیل مٹہ کے نائب ناظم محمد حکیم خان اورپی ٹی آئی مٹہ کے ممتاز رہنما ملک اختر علی خان نے بھی خطاب کیا ۔ محمود خان نے کہا کہ ماضی میں کرپشن کلچر نے اس حد تک نظام کو مفلوج کیا تھا کہ نوکریاں سرعام بکتی تھی ،پولیس تھانوں اور چوکیوں کی نیلامی ہوتی تھی اور حقدار وں کو ان کا ملنا انتہائی مشکل تھا ،باصلاحیت نوجوان مایوسیوں کے شکار تھے تاہم پی ٹی آئی حکومت نے پولیس ڈیپارٹمنٹ اور پٹوارخانوں سے سیاسی مداخلت ختم کی اور اب حقداروں کو ان کا حق سرعام مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام سرکاری اداروں میں مثبت اصلاحات کی گئی ہیں اور ان کو عوام کے تابع بنا دیا ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنا دی گئی ہے اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم ہو رہی ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد کا مقصد ماضی میں نظر انداز شدہ علاقوں اور عوام کی مایوسیوں کا ازالہ کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول میں پی ٹی آئی حکومت کافی حد تک کامیاب ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خان اور خوانین کا دور گزر چکا ہے عوام ان کے سیاہ چہروں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں اور ان کے منفی ہتھکنڈوں میں آنے والے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے سسٹم کو صحیح ٹریک پر ڈال دیا ہے اور اپنی بہترین خدمات کی بنیاد پر پی ٹی آئی دوبارہ برسراقتدا رآئے گی ۔ محمود خان نے کہا کہ ہمارا صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے ان وسائل کو صوبے اور عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بروئے کار نہیں لائے۔محمود خان نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور کوئی مائی کا لال ہمیں عوام کی خدمت سے روک نہیں سکتا ۔