میڈیکل انٹری ٹیسٹ آج ہونگے، امتحانی مراکز کی حدود میں دفعہ 144نافذ
ملتان ، ڈیرہ غازیخان (وقائع نگار، کرائم رپورٹر، بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت صوبہ پنجاب کے سرکاری میڈیکل و ڈینٹل کالجوں میں داخلہ کیلئے انٹری ٹسٹ آج 20 اگست اتوار کو ملتان سمیت 13 شہروں میں ہوگا ‘ ملتان میں زکریا یونیورسٹی کو امتحانی سنٹر بنایا گیا ہے جہاں تقریباً 9966 امیدواروں نے شرکت کیلئے داخلہ فارم جمع کروائے ہیں ‘ انٹری ٹسٹ صبح9 بجے شروع ہوگا ‘ تمام امیدواروں کو صبح8 بجے امتحانی سنٹر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ سوا آٹھ بجے سنٹر کو بند کر دیا جائیگا ‘ انٹری (بقیہ نمبر46صفحہ7پر )
ٹسٹ 280 ملٹی پل چوائس سوالوں پر مشتمل ہوگا جس میں 44 سوال فزکس 58 کیمسٹری 30 انگلش 88 سوال بیالوجی سے ہونگے ۔ مجموعی طور پر 1100 نمبر ہونگے‘ درست جواب پر 5 نمبر ملیں گے ‘ غلط جواب پر ایک نمبر کاٹ لیا جائیگا ۔ سلیف سکورننگ سسٹم کے تحت امیدواروں کو دو جوابی کاپیاں دی جائیں گی ۔ اوپر والی کاپی رنگین اور دوسری کاپی سادہ ہوگی جن کے درمیان کاربن پیپر ہوگا ‘ انٹری ٹسٹ کے بعد جواب یو ایچ اس کی ویب سائٹ پر جاری کردئیے جائیں گے جنہیں امیدوار خود نمبر لگائی گے ۔ دریں اثناء سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم نے میڈیکل انٹری ٹیسٹ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کی سیکیورٹی کے حوالے سے میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ایس پی کینٹ مہروز خان، ایس پی سٹی جواد طارق، انچارج جے ٹی ٹی شبانہ سیف کے علاوہ یونیورسٹی انتظامیہ بھی شامل تھی۔ میٹنگ میں انٹری ٹیسٹ کی سیکیورٹی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی پلان جاری کیا گیا۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر 01ایس پی کی زیر نگرانی 07ڈی ایس پیز،16انسپکٹر ز ،107 اپر سب آرڈینیٹس،530ہیڈ کنسٹیبل اورکانسٹیبلان اور55لیڈیز سٹاف اور سول پارچات میں پولیس افسران و ملازمان کو مامور کیا گیا۔علاوہ ازیں 04ریزو ہائے پولیس لائن میں اسٹینڈ ٹو رہیں گی جن کو ضرورت پڑنے پر کسی بھی وقت طلب کیا جا سکے گا۔پولیس ملازمان اپنے محکمانہ کارڈ دوران ڈیوٹی آویزاں کریں گے۔یونیورسٹی کے اہم مقامات کی ناکہ بندی کر کے چیکنگ کی جائے گی۔ اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ایلیٹ فورس کے چاک و چوبند دستے بھی یونیورسٹی میں گشت کریں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقع کی صورت میں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں گے۔اسپیشل برانچ سوئپنگ کرے گی۔گاڑیو ں کی پارکنگ امتحانی مرکز سے 400 گز کے فاصلے پر کی جائے گی۔سی سی ٹی وی کیمرہ، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، بیرئیرز یونیورسٹی انتظامیہ کے تعاون سے نصب کروائے جائیں گے۔ڈیرہ غازیخان سے بیورو رپورٹ، نمائندہ خصوصی کے مطابق . ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان اللہ رکھا انجم کی ہدایت پر میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے ڈیرہ غازیخان میں سکیورٹی پلان ترتیب دے دیاگیاہے . اتوار 20اگست کو ڈویژنل پبلک سکول و کالج ڈیر ہ غازیخان میں ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے سو گزحدود میں غیر متعلقہ افراد کے داخلہ پر پابندی عائد کرتے ہوئے دفعہ 144نافذ کر دیاگیاہے . سنٹر کے روٹس پر ٹریفک پولیس کی 12پکٹس قائم کر کے 70اہلکار تعینات ہوں گے جو ٹریفک روانی کے ساتھ ٹیسٹ کیلئے آنے والوں کی رہنمائی کریں گے . سنٹر کیا ندر اور باہر ایک ڈی ایس پی چھ انسپکٹر اور 12لیڈی پولیس سمیت 192پولیس اہلکار تعینات ہوں گے . اہم مقامات پر پنجاب پولیس کی سات پکٹس قائم کی جائیں گی . بم ڈسپوزل سکواڈ صبح سویرے سنٹر کی سرچنگ و سوئپنگ مکمل کرے گا . ریسکیو 1122کی ایمبولینسز ،فائربریگیڈگاڑیاں روٹ اور سنٹر کی حدود میں موجود رہیں گی۔