کسی سیاسی جماعت کے ووٹ بینک کو توڑنے نہیں کامیابی کا عزم لے کر میدان میں نکلے ہیں ،سیاست میں نیا انداز متعارف کروائیں گے:محمد یعقوب شیخ

کسی سیاسی جماعت کے ووٹ بینک کو توڑنے نہیں کامیابی کا عزم لے کر میدان میں نکلے ...
کسی سیاسی جماعت کے ووٹ بینک کو توڑنے نہیں کامیابی کا عزم لے کر میدان میں نکلے ہیں ،سیاست میں نیا انداز متعارف کروائیں گے:محمد یعقوب شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور کے  حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ ہم کامیابی کا عزم لیکر میدان میں نکلے ہیں ، ہمارا پہلا اور آخری ٹارگٹ فتح ہی ہے، حلقہ این اے 120کے بہت مسائل ہیں،تعلیمی ادارے اور ہسپتال وغیرہ بہت پرانے اور قدیمی ہیں، کوئی نیا ہسپتال اور بڑا تعلیمی ادارہ یہاں نہیں بن سکا ہے،بعض علاقوں کا جائزہ لیا جائے تو وہاں صاف پانی کی بھی سہولت میسر نہیں ہے، لوگوں کے پاس روزگار اور طبی سہولیات نہیں ہیں، لوڈ شیڈنگ کی انتہا ہے، سیوریج کا نظام انتہائی ناقص ہے اور امراض پھیل رہی ہیں،سیاست میں بھی ہمارا نعرہ خدمت انسانیت ہے،ہم لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق ’’ڈیلی پاکستان لائیو سٹریم ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد یعقوب شیخ نے کہا کہ ہم نہ سیاست سے دور تھے اور نہ جدا ہیں،کسی کے کہنے پر میدان میں نہیں اترے اور نہ ہی ہمارا مقصد کسی دوسری سیاسی جماعت کے ووٹ بینک کو توڑنا ہے ،ہم دو مقاصد کے تحت میدان میں آئے ہیں جس میں ہمارا بڑا مقصد فتح اور چھوٹا مقصد بھی کامیابی ہی ہے ، ہمارا اس ملک کی سیاست سے گہرا تعلق رہا ہے، ہم سیاست کو دین سے جدا کرنے والے نہیں ہیں، پاکستان کو اس وقت ایسی جماعت کی ضرورت تھی جو قوم کو نظریہ پاکستان کی بنیادوں پر کھڑا کر سکے اور ملکی استحکام کیلئے اپنا کردارا دا کرسکے،ہم نے اس میدان میں سوچ بچار کے ساتھ قدم رکھا اور الیکشن کمیشن میں اپنی جماعت کی رجسٹریشن کیلئے رجوع کیا ہے،ہمارا کام اور کارکردگی اظہر من الشمس ہے، ہم اس معرکہ کو نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں اور این اے 120 میں ملی مسلم لیگ ہی کامیاب ہو گی۔ یعقوب شیخ نے کہاکہ ہم نے سب سے ملاقاتیں کرنی اور اتحاد کی دعوت دینی ہے، ہم نے کسی کی ذات پر کیچڑ نہیں اچھالنا، یہ وطن عزیز پاکستان کی بقا کا معرکہ ہے، ہم نے احترام آدمیت، شرافت اور صداقت و امانت کی سیاست کرنی ہے، کسی کی شخصیت کو داغدار کرنے کی کوشش کرنا ہمارا شیوہ نہیں ہے، ہم نے سیاست میں ایسا انداز متعارف کروانا ہے جس پر دنیا رشک کرے گی، ہم حلقہ این اے 120میں نظریہ پاکستان کا معرکہ سمجھ کر میدان میں اترے ہیں اور ہم ملی مسلم لیگ کی فتح یقینی سمجھتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم نے سیاست میں بھی خدمت انسانیت کا نعرہ دیا ہے، ہمارا مقصد یہ نہیں کہ ہم اس ملک میں خدمت کا کام چھوڑ دیں گے ایسا نہیں ہے، ہم بیواؤں، یتیموں اور محتاجوں کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے،ہم تعلیم کو بھی نظریہ پاکستان کے رنگ میں ڈھالنا چاہتے ہیں،اس سے وطن عزیز پاکستان کے دفاع اور نظریہ پاکستان کو قوت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو نظریاتی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہونے دیں گے، 17ستمبر کواہل لاہور کے تعاون سے ضمنی انتخاب جیتیں گے ۔

ویڈیو دیکھیں ۔۔۔

مزید :

لاہور -