قربانی کے جانور اور صحت و صفائی

قربانی کے جانور اور صحت و صفائی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


عیدالاضحی کو عیدِ قربان کہا جاتا ہے کہ یہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کی یاد ہے، جو اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے دی گئی اور اللہ تعالیٰ نے حضرت اسماعیل کی جگہ دُنبہ اتارا اور یوں یہ یاد گار قربانی دنبے کی ہوئی۔ اب ہماری روایات اور ہمیں ملنے والی ہدایات کے مطابق فریض�ۂ حج ادا ہوتا اور اس کے بعد قربانی ہوتی ہے۔ تاہم یہ ہر بالغ اور صاحبِ حیثیت مسلمان پر واجب ہے۔ واجب کی جو تشریح و تفسیر کی جاتی ہے وہ یہاں بھی فرض کے قریب لے جاتی ہے۔ اگرچہ یہ واجب بھی صاحب حیثیت کے لئے ہے۔دوسری طرف مہنگائی نے مسائل پیدا کر دیئے اور دنبوں، بکروں، چھتروں کی قیمتیں عام آدمی کی استطاعت سے باہر محسوس ہونے لگیں اور اس کا حل یہ نکالا گیا کہ بڑے مویشی قربان کئے جانے لگے کہ ایک گائے، بھینس یا بیل سات افراد مل کر قربان کر سکتے ہیں۔یوں کم استطاعت والوں کو بھی ترغیب اور ہمت ملی۔ایک تو مساجد والے حضرات نے بینرز لگا کر حصہ ڈالنے کی ترغیب دی، دوسرے خود صاحبِ حیثیت حضرات بھی اس طرف رجوع کر چکے ہیں کہ گائے میں گوشت بھی زیادہ ہوتا ہے، اس بار مویشیوں(گائے، بیل،بھینس، بھینسے) کی بہت کثرت ہے۔ مُلک کے تمام شہروں میں مویشی منڈیاں سج چکی ہیں، ان کے ساتھ ہی مسائل بھی پیدا ہو گئے جو ہر سال ہوتے ہیں، یہ منڈیاں غیر منظور شدہ مقامات پر بھی قائم ہو گئیں، ہر جگہ ٹریفک کے مسائل کے ساتھ، صفائی ستھرائی کا مسئلہ بھی شدت اختیار کرتا چلا جا رہا ہے ۔ اگرچہ صفائی والی کمپنیوں کے بہتر انتظامی دعوے ہیں،لیکن عملی طور پر صورتِ حال مختلف ہے، ہر ضلع کی انتظامیہ نے شہر سے باہر منڈیوں کے لئے مقامات مختص کئے ہیں،لیکن اس پر عمل نہیں ہوتا اس کے علاوہ یہ اعلان بھی موجود ہیں کہ قربانی کے لئے آنے والے جانوروں کو مختلف وائرس سے بچنے کے لئے ویکسین لگائی جائے گی۔ اس پر بھی پورا عمل نہیں ہو رہا،منڈیوں میں لڑائی جھگڑے اور جگا ٹیکس کی اطلاعات الگ ہیں۔ان اطلاعات سے اندازہ ہوتا ہے کہ پورے مُلک میں انتظامیہ ناکامی سے دوچار ہے اور یہ حالات بہتر نہیں ہیں کہ صحت و صفائی کا خیال نہ رکھا گیا تو شہر اور شہری متاثر ہو سکتے ہیں،ہر ضلعی انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ اپنے اہلکاروں کو دیانت داری سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کرے اور شہریوں اور شہروں کو امراض اور مسائل سے بچائے۔

مزید :

رائے -اداریہ -