چیئرمین سینیٹ کی گوادر اور چین کے دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز
اسلام آباد(این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صاد ق سنجرانی نے گوادر اور چین کے پورٹ سٹی دالیان کو جڑواں شہر قرار دینے کی تجویز دی ہے ۔ انہوں نے یہ تجویز گوادر اور چین کے جنوبی صوبے لیاؤنگ کے سب سے بڑے شہر اور پورٹ سٹی میں پائی جانے والی مشترکہ قدروں کی بنیاد پر دی۔ چین میں اپنے دورے کے دوران چیئرمین محمد صادق سنجرانی اپنے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ٹرین کے ذریعے (بقیہ نمبر33صفحہ12پر )
بیجنگ سے دالیان پہنچے جہاں انہوں نے شہری منصوبہ بندی کے سلسلہ میں منعقدہ میلے اور بندہ گاہ کے کاروباری مرکز کا دورہ کیا۔وفد شہر میں غربت مکاؤ منصوبے کو بھی دیکھااور بعد میں دالیان شہر کے رہنماؤں کی جانب سے دیے گئے عشائیہ میں بھی شرکت کی۔چیئرمین سینیٹ نے ژیا ڈیرن چین کی عوامی مشاورتی کانفرنس کے لیانگ کے چیئرمین سے بھی ملاقات کی۔انہوں نے بتایا کہ بحیثیت چیئرمین اُن کا یہ پہلادورہ ہے اور انہیں چین کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ چین میں ہونے والی ملاقاتوں سے پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات کو مزید آگے لے جانے میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ مرکزی حکومتوں کی سطح پر دونوں ملکوں کے مابین انتہائی بہتر روابط موجود ہیں تاہم وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ صوبائی، شہروں اور علاقائی سطح پربھی تعاون کے لیے وسیع گنجائش پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت کو اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اُٹھانے چاہئیں۔ دالیان شہر کی ایشیاکے شمالی حصے کے لیے شپنگ اور لاجسٹکس کی حیثیت سے ایک تاریخ موجود ہے۔دالیان کے رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جوان قیادت دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو تقویت دینے میں ایک فعال کردار ادا کرسکتی ہے ۔انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے قومی لباس کو سراہا ۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر پاکستان کا مستقبل ہے اور گوادر کو ایک موثر پورٹ سٹی بنانے میں ہم دالیان کے تجربات سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کے خواہاں ہیں اور تجارت وشپ منٹ کے شعبوں میں ہم چین کے تجربات سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ گوادر سی پیک کا ایک گیٹ وے ہے اور اسی وجہ سے بلوچستان کے لوگوں کا معیار زندگی بدل جائے گا اور جلد ہی یہ علاقہ خطے کی سمندر کے ذریعے ہونے والے نقل وحمل کا مرکز بن جائے گا۔ تعلیم کے شعبہ میں بھی وظائف کے ذریعے مختلف شعبوں میں تحقیق وترقی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ پاکستان کے لیے چین کی ترقی خطے اور علاقائی امن کا باعث ہے اور خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر مسائل کے لیے مقامی سطح پر حل تلاش کرنے ہوں گے اور اس سلسلے میں چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
سنجرانی تجویز