صدر پاکستان بننے میں کراچی کا اہم کردارہوگا :تحریک انصاف کے نامزد امیدوارعارف علوی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کی جانب سے پاکستان کے نامزد صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ کی بہتری کے لئے پیپلز پارٹی سے ساتھ چلنے کی اپیل کریں گے ۔میر ے صدر بننے میں کراچی کا اہم کردار ہوگا ۔
دنیا نیوزکے پروگرام ”دنیا کامران کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہاہے کہ صدر کا عہدہ غیر سیاسی ہے اور صدر پاکستان قو م کو جگا سکتا ہے اور آگے لے جا سکتاہے ۔ میں بھی وہ خواب دیکھ رہاہوں جو عمران خان دیکھتے ہیں۔ میں نے پانی اور صفائی کے حوالے سے عمران خان کو ایک پورا پروگرام دیاہے ۔ کراچی اور پورا سندھ میر اگھر ہے اور میں اس حوالے سے بیک گراﺅنڈ پر کام کرتا رہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی نے عمران خان کو ووٹ دیاہے اور اگر میں صدر بن جاتا ہوں تو مجھے کراچی نے ہی یہاں تک پہنچاناہے ۔ کراچی کے لوگوں نے تحریک انصاف کے دامن میں اپنی امانت ڈالی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ کو بہتر کرنے کیلئے ہمیں پیپلز پارٹی کو ساتھ رکھنا چاہئے ۔پیپلز پارٹی سے اپیل کریں گے کہ سندھ کو بہتر کرنے کیلئے مثبت طور پر ساتھ چلے کیونکہ پیپلز پارٹی کے تعاون کے بغیر بہت سی باتیں مثبت نہیں ہو سکتیں اور مجھے امیدہے کہ پیپلز پارٹی چاہتی ہے کہ سندھ میں بہتری آئے ۔