عالمی برادری کشمیرکی تشویشناک صورتحال قابو کرنے کیلئے کردار ادا کرے، بیلم حسنین
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلزپارٹی کی سابق رکن قومی اسمبلی بیگم بیلم حسنین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کشمیر کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہم انٹرنیشنل برادری سے بھی کہتے ہیں کہ وہ تشویشناک صورتحال کو قابو کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ گزشتہ روز ایک بیان میں بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ مودی نے اپنی فوج کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں کالا قانون نافذ کر دیا اور خواتین اور بچیوں پر ظلم کررہا ہے۔ اس واقعہ کو کئی روز گزر گئے ظلم بڑھتا جا رہا ہے مگر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی یہ ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی ہمارے غریب شہری اور فوجی جوانوں کو شہید کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مقبوضہ کشمیر پر شدید تحفظات اور خدشات ہیں جن کو موجودہ حکومت دور کرے اور متحدہ اپوزیشن کو دورہ امریکہ اور کشمیر کے اوپر بریفنگ دے اور اپوزیشن کو اس قومی ایشو پر ساتھ لیکر چلے۔ بیگم بیلم حسنین نے کہا کہ عمران خان حکومت اپوزیشن کو کسی ایشو پر اعتماد میں نہیں لیتی اور اپنی مرضی سے حکومت کرتی ہے۔ بیگم بیلم حسنین نے کہاکہ حکومت صرف آصف زرداری اور فریال تالپور کے پیچھے لگی ہوئی ہے۔ اور اہم ایشو پر اپوزیشن سے بات نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آہ و بکا پاکستان سمیت عالمی برادری کو بھی معاف نہیں کرے گی۔