ایک ماہ میں 5696ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول، مکیش کمار چاولہ

ایک ماہ میں 5696ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول، مکیش کمار چاولہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں سندھ ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے مجموعی طور پر مختلف ٹیکسز کی مد میں 5696.447 ملین روپے وصول کئے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ، شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 699.441 ملین روپے، انفراسٹرکچر سیس کی مد میں 3999.688 ملین روپے اور پروفیشنل ٹیکس کی مد 47.041 ملین روپے وصول کئے گئے۔ انہوں نے مذید بتایا کہ کاٹن فیس کی مد میں 1.209 ملین روپے، جائیداد ٹیکس کی مد میں 479.254 ملین روپے اور انٹرٹینمنٹ ڈیوٹی کی مد میں 11.005 ملین روپے جبکہ باقی رقم دیگر ٹیکسز کی مد میں وصول کی گئی۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مزید محنت کریں اور اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال محکمہ ایکسائز سندھ نے سو فیصد سے زائد ٹیکس وصول کیا تھا اور اس مالی سال کے دوران دوران یہ کوشش کی جائے کہ گزشتہ مالی سال سے زائد ٹیکس وصول کیا جائے۔