پاکستان کو سفارتی محاذ پر بڑے چیلنجز کا سامنا: وزیر خارجہ
اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم کی نمائندہ خصوصی برائے سفارتی آؤٹ ریچ، سابقہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی گھمبیر صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے خارجہ محاذ پر ملک و قوم کیلئے تہمینہ جنجوعہ کی طویل خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کو سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔وزیر خارجہ نے تہمینہ جنجوعہ کو فورا جنیوا پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اقوام عالم کے سامنے اجاگر کرنے سمیت دیگر ضروری ہدایات دیں۔ اس موقع پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کی رہنمائی میں پاکستان کے وسیع تر مفاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہوں گی۔دوسری طرف وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن افغانستان کا خواہاں ہے اور افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خلوصِ نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔ پیر کو افغانستان کے یوم استقلال پر تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کے یوم استقلال پر افغانستان کی حکومت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے عوام صدیوں پرانے سماجی، معاشرتی اور معاشی رشتوں سے منسلک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پر امن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے، پاکستان افغان امن عمل میں مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، خلوصِ نیت سے مصالحانہ کردار ادا کررہا ہے اور کرتا رہے گا۔
شاہ محمودقریشی