مسئلہ کشمیر پر کوئی ویڈیو نہیں بناؤں گا‘یوٹیوبرعرفان جونیجو

لاہور(فلم رپورٹر)معروف یوٹیوبر عرفان جونیجو نے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر پر کوئی ویڈیو نہیں بنائیں گے۔عرفان جونیجو کے اس بیان کے بعد سے اْن کے خلاف سوشل میڈیا پر ایک مہم کا آغاز ہوگیا ہے اور اْن کے یوٹیوب سے سبسکرائبرز بھی مسلسل کم ہورہے ہیں۔ ٹوئٹر پرعرفان جونیجو نے ٹوئٹ کا ایک تھریڈ شیئر کیا جس میں انہوں نے اپنے اس بیان کی وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ وہ لوگوں کی گذارشات کے باوجود مسئلہ کشمیر پر کوئی ویڈیو نہیں بنائیں گے۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ وہ ظلم کرنے والوں کے حامی ہیں یا انہیں ڈر ہے کہ اْن کو بھارتی فالو کرنا ترک کردیں گے۔انہوں نے اپنے تفصیلی ٹوئٹ میں لکھا کہ گر وہ کسی چیز پر ویڈیو نہیں بناتے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس کے حامی ہیں۔عرفان جونیجو نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھی اب تک مسئلہ کشمیر پر اپنا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اْن کا کوئی بائیکاٹ یا انہیں کوئی کینسل نہیں کر رہا۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ آپ سب اپنے لئے منتخب کردہ غم و غصہ میں رہتے ہوئے دوسروں کو جج کریں۔اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے عرفان جونیجو نے ایک نئی ویڈیو اپلوڈ کی جس میں اْن کا کہنا تھا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر ویڈیو بنا کر آرام سے تین سے چار سو ڈالر کما سکتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ لوگ ان سے زبردستی کشمیر کی صورتحال پر ویڈیو بنوانا چاہتے ہیں اور ان کے ایسا نہ کرنے پر انہیں تنگ کر رہے ہیں۔عرفان جونیجو نے بتایا کہ انھیں سوشل میڈیا پر دھمکیاں مل رہی ہیں کہ ویڈیو بناؤورنہ تمہیں کینسل کر دیں گے۔