الحمرا ء میں ”پتلی تماشہ“ اور ”عینک والا جن“باقاعدگی سے جاری
لاہور(فلم رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا ء میں بچوں کے لئے پتلی تماشہ اور ڈرامہ ”عینک والا جن“، ”الہ دین کا چراغ“ اور”تعلیم“ باقاعدگی سے پیش کئے جاتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمرا اطہر علی خان نے اس حوالے سے بتایا کہ الحمرا ء واحد ادارہ ہے جس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ کئی دہائیوں سے بچوں کی تعلیم و تربیت کا یہ سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ا لحمرا ء کا ادب دوست بچوں کی ذہنی، تعمیری اور تخلیقی صلاحیتوں کو جلا بخش رہا ہے،تاریخی، تفریخی، سائنسی،اخلاقی معلومات پر مبنی یہ ڈرامے بچوں کی شخصیت و کردار کو نکھار رہے ہیں،ڈراموں کی کہانیاں، کردار اور پیش کش بچوں کے ذہنی معیار کے عین مطابق ہوتے ہیں،ان ڈراموں میں نامور اداکار اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء اطہر علی خان نے کہاکہ بچوں کی اصلاح کے لئے ڈرامہ بہترین ذریعہ ہے جس میں بچوں کو اچھے شہری بننے کی ترغیب دی جاتی ہے، موقع کی مناسبت سے ان ڈراموں کی کہانیوں میں تبدیلی لائی جاتی ہے اور ان کو جدید دور کی ضرورتوں سے ہم آہنگ کیا جاتا ہے، انھوں نے کہاکہ یوم آزادی کے موقع تمام ڈراموں میں قائدین تحریک پاکستان کی جدوجہد سے متعلق بچوں کو آگہی دی گئی۔واضح رہے ہر اتوار کے رو ز صبح 11بجے سے شام 7بجے تک ڈرامے پیش کرنے کا یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔ان ڈراموں میں سینکڑوں بچے شرکت کرکے معلوماتی تفریح حاصل کرتے ہیں۔لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے بچوں کے یہ ڈرامے فری ہوتے ہیں۔