”ارتغرل غازی“ ہیرو کی میک اے وش بچوں سے ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)عالمی شہرت یافتہ ترک ڈرامہ سیریل ”ارتغرل غازی“ کے معروف ہیرو انجین التان نے گزشتہ روز میک اے وش پاکستان کے کینسر کے مرض میں مبتلا 3 لاعلاج بچوں کی خواہش پر اُن سے ملاقات کی۔ اِس سلسلے میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا اور میک اے وش کے تینوں بچوں سدرہ، فائزہ اور سہیل جو ”ارتغرل غازی“ ڈرامے کے تاریخی ترک لباس میں ملبوس تھے، نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے ہیرو سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ارتغرل غازی کے ہیرو نے کہا کہ ”مجھے پاکستانیوں کی محبت اور میک اے وش پاکستان کے بچوں سے ملاقات کرکے بہت خوشی ہوئی ہے اور میں میک اے وش کے دوسرے بچوں سے ملنے بہت جلد پاکستان آؤں گا۔“ اِس موقع پر وش چلڈرن نے اپنے ہیرو کو تلوار کا تحفہ پیش کیا جسے کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل نے وصول کیا۔ اپنی استقبالیہ تقریر میں میک اے وش پاکستان کے بانی صدر اور تقریب کے آرگنائزر اشتیاق بیگ نے کہا کہ پاکستان کے لوگ ”ارتغرل غازی“ کے اداکار انجین التان کو اپنا ہیرو سمجھتے ہیں اور اُن کی میک اے وش کے بچوں سے ملاقات قابل تحسین ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجین التان صرف ایک عظیم اداکار ہی نہیں بلکہ عظیم انسان بھی ہیں۔ اشتیاق بیگ نے انجین التان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آپ اتنے مقبول ہیں کہ اگر یہاں سے الیکشن لڑیں تو ضرور کامیاب ہوں گے۔ تقریب کے اختتام پر میک اے وش کی رضاکار نے اپنی سریلی آواز میں ”ارتغرل غازی“ کا تھیم سونگ بھی پیش کیا۔ تقریب میں ترکی کے قونصل جنرل ٹولگا یوکاک، کمشنر کراچی افتخار شلوانی، آفتاب امام، ہمایوں سعید، زیبا بختیار، عائشہ عمر، ندیم بیگ، میک اے وش پاکستان کے بورڈ ڈائریکٹرز جسٹس (ر) اشرف جہاں، ڈاکٹر اختیار بیگ، ناجیہ اشرف، ڈاکٹر فرحان عیسیٰ، میک اے وش پاکستان کے بچے، اُن کے والدین اور رضاکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔