مشکلات ختم، ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا، اب تمام اچھی خبریں اپوزیشن کیلئے بری ہیں: وفاقی وزرا
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت کے مزید 8وزراء نے اپنی وزارتوں او رڈویژنز کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کردی، وفاقی وزراء نے کہا ہے کہ قوم ترقی کی راہ پر چل پڑی ہے، عوام نے ثابت قدمی سے ہمارا ساتھ دیا، ہم مشکلات سے نکل گئے، خوشحالی کا دور شروع ہوچکاہے،جتنی اچھی خبریں آرہی ہے وہ اپوزیشن کیلئے بری خبریں ہیں، مافیاز بڑے عرصے تک پلے بڑھے ہیں، ان کو اداروں کی بھی سرپرستی حاصل تھی،قانون کا ہاتھ ان تک پہنچے گا، مافیاز عوام کے دشمن ہیں، ہم مافیاز کو نہیں چھوڑیں گے،این ایچ اے کا ریونیو 53ارب سے بڑھ کر103 ارب پر چلا گیا، سیالکوٹ راولپنڈی موٹروے46حلقوں سے گزرے گی، ہماری استعداد 700 وینٹیلیٹرز ماہانہ بنانے پر استعداد آجائے گی،سپورٹس بورڈ میں اصلاحات لا رہے ہیں، اینٹی ڈوپنگ بورڈ بنایا ہے، سپورٹس بورڈ کے ریونیو میں 42 فیصد اضافہ ہوا ہے،پن بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے، تقریبا تین ہزار کلومیٹر ٹرانسمیشن لائنز ہم نے شامل کی ہیں، دس ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں،جبری گمشدگی کا بل وزارت قانون دیکھ رہی ہے، کسی جمہوریت میں جبری گمشدگی نہیں کر سکتے، یورو فائیو تیل متعارف کیاہے، یکم ستمبر کے بعد تمام پٹرول جو امپورٹ ہو گا یورو فائیو اسٹینڈرڈ کا ہو گا، 112چھوٹے ڈیمز بھی ہم بنا رہے ہیں، کے پی ٹی کی جو زمین پورٹ کے سامنے ہے اس پر قبضہ ہوا ہے، کے پی ٹی کو کہا ہے کہ اپنی زمین کو ڈیجیٹائز کریں۔ ان خیالات کا اظہار بدھ کو وفاقی وزراء شبلی فراز، شیریں مزاری، عمر ایوب خان، مراد سعید، فیصل واوڈا، علی زیدی، فہمیدہ مرزا، فواد چوہدری اور معاون خصوصی ندیم بابر نے حکومت کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کیا۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ عوام کے سامنے جمہوری حکومت جوابدہ ہوتی ہے، ہم عوام کے سامنے آئے ہیں،وزیر اعظم نے کہا ہے کہ مافیاز کو ہم نہیں چھوڑیں گے۔وفاقی وزیر برائے موا مراد سعید نے کہا کہ سادگی مہم میں ہم نے حصہ لیا اور75 کروڑ کی سیونگ کی، وزارت مواصلات نے ای بلنگ کا آغاز کیا، جے آئی ایس میپنگ ہم نے کی، 12ارب 56کروڑ کی ریکوری ہم نے کی ہے۔کراچی، چمن،کوئٹہ سڑک کی فیزیبلٹی پربھی کام شروع ہو گیا۔ لوگوں نے پوسٹل استعمال کرنا چھوڑ دیا تھا لیکن اب 10بلین سے ریونیو 18بلین پلس پر چلا گیا۔ مراد سعید نے کہا کہ سوات موٹروے، ملتان سکھر موٹروے مکمل ہو گیا، مانسہرہ تھاکوٹ سیکشن مکمل ہو گیا، 1122 موٹروے کے ساتھ خیبر پختونخواکی تمام سڑکوں پرمیسر ہوگی۔وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ میڈ ان پاکستان کالوگو ہم نے اپنایا۔آج پاکستان پی پی ایز کا بڑا ایکسپورٹر ہے، 250 وینٹیلیٹرز ماہانہ بنا رہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں سیالکوٹ کو سپیشل اکنامک زون ڈکلیئر کیا جائے، ہم چاہتے ہیں کہ پولیس مانیٹرنگ بھی ڈرون پر شفٹ کر دیں، اس سے پولیس کاپیسہ بچے گا۔وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم نے سیاحت کے فروغ کے لیئے سارے صوبوں کو ایک میز پربٹھایا، نیشنل ٹورازم ڈیپارٹمنٹ بنا ہے، فیڈرل کوآرڈینیشن کمیٹی بنی ہے، جیلوں میں بھی سپورٹس کی سہولیات دی جائیں۔وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ پن بجلی کے منصوبوں پر کام جاری ہے،15ونڈ منصوبے 800میگاواٹ کے ہیں۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ کئی ہمارے بل قائمہ کمیٹی میں کافی عرصہ سے اٹکے ہوئے ہیں۔شبلی فراز نے وعدہ کیا ہے کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر جرنلسٹ پروٹیکشن بل کو دیکھیں گے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا کہ جتنے بڑے شہر ہیں وہ پورٹ سٹی ہوتے ہیں۔ معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ یورو فائیو تیل متعارف کرایا ہے۔وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں بجلی ترسیل کرنے کا سسٹم ساڑھے اٹھارہ ہزار میگا واٹ سے زیادہ نہیں تھا، ہم 24ہزار میگاواٹ کی ترسیل کر رہے ہیں۔
وفاقی وزرا