حکومت بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے،اعجازعالم

  حکومت بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے،اعجازعالم

  

  لاہور (پ ر) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پریقین رکھتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ اب ملک میں تمام مذاہب کے پیروکار اپنی مذہبی اور سماجی روایات کے مطابق زندگی گزار رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے ہیڈ آفس 106-A نیو مسلم ٹاون وحدت روڈ کے دورے پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے نہایت سنجیدہ ہے جس سے نہ صرف انہیں سماجی اورمعاشی حقوق حاصل ہو سکیں گے بلکہ وہ سیاسی حقوق کے حصول سے سیاست میں بھی بھرپور کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برعکس اگر پڑوسی ملک بھارت پر نظر ڈالی جائے تو صورت حال یکسر مختلف ہے۔

 اور بھارت جو ہمیشہ جمہوری ریاست ہونے کا دعویدار رہا ہے میں نہ صرف انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں بلکہ وہاں اقلیتی برادری بھی محفوظ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اقلیتوں کے حقوق اور ان کی سماجی حیثیت کو خصوصی طور پر وضع کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے آئین میں بھی اقلیتوں کووہ تمام سماجی،معاشی اور سیاسی حقوق حاصل ہیں جومسلمانوں کو حاصل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں طلبا کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے جس کا مقصد پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اپنے طلبہ میں جذبہ مسابقت پیدا کرنے کیلئے انہیں ہمیشہ دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ کے ساتھ مقابلے کا موقع فراہم کرتا ہے جس سے ان میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طلبہ کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لینے کے مواقع بھی فراہم کرنے چاہئیں اور یہی یونیک گروپ آ ف انسٹی ٹیوشنز کا خاصہ ہے۔ملاقات میں ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خان اور ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری کے علاوہ محمد یوسف ڈپٹی سیکرٹری محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب اور مینیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز یونیک گروپ زنیر چوہدری نے بھی شرکت کی۔ 

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -