دوریاں سمٹنے لگیں، مراد علی شاہ کی اسد عمر سے ملاقات، سندھ کے مسائل پر کمیٹی قائم 

دوریاں سمٹنے لگیں، مراد علی شاہ کی اسد عمر سے ملاقات، سندھ کے مسائل پر کمیٹی ...

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان دوریاں سمٹنے لگیں، وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی جانب سے کو آرڈینیشن کمیٹی قائم کر دی گئی، کمیٹی سندھ میں وفاق کے جاری منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ رکھے گی۔  ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبائی وزراء ناصر علی شاہ اور سعید غنی کے ہمراہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر سے ملاقات کی۔جبکہ وفاقی وزراء علی زیدی اور امین الحق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں کراچی کے مسائل،کے الیکٹرک کے ساتھ معاہدوں اور دیگر سیاسی و قومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ اور اسد عمر نے کو آرڈینیشن کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا، کمیٹی تمام مسائل کا جائزہ لے کر سفارشات مرتب کر کے وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ کمیٹی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، ناصر شاہ اور سعید غنی سندھ کی جانب سے نمائندے ہوں گے جبکہ کمیٹی وفاقی حکومت کے ساتھ میں رابطہ رکھے گی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وفاق کی طرف سے سندھ کو نظر انداز کرنے اور فیصلے وفاق کی طرف نافذ کرنے پر اظہار برہمی کی اور وفاقی وزیر اسد عمر سے مستقبل میں سندھ حکومت کوبائی پاس کرنے سے روکنے کی درخواست کی جبکہ کراچی میں نالوں کی صفائی اور دیگر امور کے لئے این ڈی ایم اے کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ کو معاملات کو مشاورت اور باہمی اتفاق رائے سے چلانے کی یقین دہانی کرائی گئی اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر صوبائی قیادت کو اعتماد میں لینے کا وعدہ کیا۔

ملاقات

مزید :

صفحہ اول -