موجودہ حکومت فوری خاتمہ سلیکٹرز اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے: فضل الرحمن

  موجودہ حکومت فوری خاتمہ سلیکٹرز اور اپوزیشن کی ذمہ داری ہے: فضل الرحمن

  

  اسلام آباد،کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کو آئین اور قانون کی بالادستی کی جانب لے کرجانا چاہتے ہیں،آمرانہ رویوں سے پہلے بھی لڑے تھے اب بھی لڑیں گے،ذاتی اور پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔ عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے، جعلی حکمرانوں کو گھر بھیجیں گے،نیب کو استعمال کرکے ہمیں خاموش نہیں کرایا جاسکتا،تاریخ کی بدترین دھاندلی کو جس طرح جمعیت علما اسلام نے چیلنج کیا کوئی دوسری سیاسی جماعت نہیں کرسکی،اگر مقتدر قوتیں ہمارے راستے میں رکاوٹ نہ بنیں تو ملک کی بڑی سیاسی جماعت جمعیت علما اسلام ہے۔اپنے رہائشگاہ پر مولانا مفتی محمد قاسم کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اس ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں،اس وقت ملک کی معیشت ڈوب چکی ہے۔ ملک کے ہر شعبہ سے وابستہ افراد پریشان ہیں،یہ نااہل حکمران اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ حکومت چلانا موجودہ حکومت کی بس کی بات نہیں،موجودہ حکومت کے خاتمے کی ذمہ داری جہاں سلیکٹرز پر ہے وہیں اپوزیشن پر بھی ہے۔انکو جو ڈھیل مل رہی ہے یہ ڈھیل ایک برے انجام کے لئے ہے۔کشمیر اور فلسطین کے لوگ اپنی سرزمین کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم مصلحتوں کا شکار ہوچکے اور صیہونی قوتوں کے ناجائز قبضے کو تسلیم کرنے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔یو اے ای کا اسرائیل سے معاہدہ فلسطینیوں کی ستر سالہ جدوجہد آزادی کی نفی ہے۔یو اے ای کا فیصلہ نہ ہی عرب دنیا کی نمائندگی ہے اور نہ ہی امت مسلمہ کی۔

 فضل الرحمن 

مزید :

صفحہ اول -