پیراگون سٹی ریفرنس کیس کی سماعت 26اگست تک ملتوی

پیراگون سٹی ریفرنس کیس کی سماعت 26اگست تک ملتوی

  

لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے خواجہ برادرن کے خلاف پیراگون سٹی ریفرنس کیس کی سماعت 26اگست تک ملتوی کرتے ہوئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو قیصر امین بٹ کی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ نذیر احمد اور عبدالغفور کو بیانات قلمبند کروانے کیلئے بھی طلب کر لیا فاضل جج نے دوران سماعت قراردیاکہ آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیانات پر جرح نہ کرنے پر ملزموں کا جرح کا حق خود بخود ختم ہو جائیگا عدالت نے آئندہ سماعت پر قیصر امین بٹ کا دوبارہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرنے کا حکم بھی دیا کیس کی سماعت شروع ہوئی توعدالت میں پراجیکٹر کے ذریعے پراسکیوشن کے گواہ قیصر امین بٹ کا 3بارآن لائن بیان ریکارڈ کرنے کے لئے رابطہ کیا گیالیکن بیان ریکارڈ نہ ہوسکا، آن لائن بیان ریکارڈ کرنے کے دوران فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیاہسپتال کے بیڈ پر جو لیٹے ہیں وہ قیصر امین بٹ ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا جی سر، گواہ قیصر امین بٹ بیڈ پر لیٹے ہیں، فاضل جج کی طرف سے کہاگیا کہ پہلے گواہ کا حال احوال پوچھیں، جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ سر گواہ قیصر امین بٹ بے ہوش ہی ہے، ان کا بیٹا پاس ہے اسی دوران وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ سے سکائپ کے ذریعے تیسری بار رابطہ کیا گیا،فاضل جج نے استفسارکیا کہ قیصر امین بٹ اپنا نام پتہ بتائیں اور حلف دیں، عدالتی استفسار پر قیصر امین بٹ خاموش رہے،ویڈیو سیشن کے دوران قیصر امین بٹ نے 3 بار عدالتی استفسار پر کوئی جواب نہیں دیا،جس کے بعدعدالت کے حکم پر رابطہ ختم کر دیا گیا ملزموں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے ان کی جانب چودھری محمد نواز ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ امجد پرویز ایڈووکیٹ 5 ستمبر تک دستیاب نہیں ہیں، ہائیکورٹ نے ان کی غیر حاضری کی درخواست منظور کر رکھی ہے، اشتر اوصاف علی ایڈووکیٹ اسلام آباد عدالت میں مصروف ہیں سپیشل پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی عدالت نے گواہوں کے بیانات پر جرح کرنے کا آخری موقع دیا تھا،نیب کے وکیل عاصم ممتاز کی طرف سے عدالت کوبتایاگیا کہ عدالت کے حکم پر قیصر امین بٹ کی طبی صورتحال پر میڈیکل بورڈ بن چکا ہے، 11 اگست کو مقدمہ کے گواہ قیصر امین بٹ کے ابتدائی ٹیسٹ کئے گئے جس کی رپورٹ پیش کی جا چکی مزید ٹیسٹ کی رپورٹ آنا ابھی باقی ہے عدالت نے مذکورہ بالااحکامات کے ساتھ کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ پیشی تک ملتوی کردی۔

مزید :

علاقائی -