"نواز شریف کو باہر بھیجنے کے معاملے میں دھوکہ کھا گئے" تحریک انصاف کی خاتون رہنما نے اعتراف کرلیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہاہے کہ ن لیگ کی ٹیم جھوٹ ، دھوکہ اور فریب میں کافی تجربہ کار ہے یہی وجہ ہے کہ ہم میاں نواز شریف کو باہر بھیجنے کے معاملے میں دھوکہ کھاگئے۔
نجی ٹی وی ” جیونیوز “ کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہاکہ معاملہ بہت عجیب ہے جب میاں صاحب اقتدار سے باہر آتے ہیں تو طبیعت اتنی زیادہ خراب ہوجاتی ہے کہ ملک سے باہر جانا پڑتا ہے جہاں وہ ٹھیک ہوجاتے ہیں مگر وہ انتظار کرتے ہیں کہ کب وہ اقتدار میں آئیں۔
مجھے لگتا ہے کہ جس طرح سے ملیریا کی بیماری ہوتی ہے اسی طرح سے میاں صاحب کو اقتداریہ کی بیماری ہے۔ ن لیگ کی ٹیم جھوٹ ، دھوکہ اور فریب میں کافی تجربہ کار ہے یہی وجہ ہے کہ ہم میاں نواز شریف کو باہر بھیجنے کے معاملے میں دھوکہ کھاگئے۔
چینی انکوائری کمیشن پر انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی اس حوالے سے انکوائریز ہورہی ہیں اس میں جن جن کے بھی نام ہوں گے چاہے وہ حکومت میں ہوں وہ سب پکڑے جائیں گے۔پروگرام میں شریک ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہاکہ دنیا میں کورونا نہ پھیلتا تو نوازشریف بیماری کا علاج کراکے پہلی فلائٹ سے پاکستان آچکے ہوتے۔