’بالی ووڈ سٹار عامر خان نے میرا ہیئر سٹائل کاپی کرلیا‘ پاکستانی اداکار کا دعویٰ
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ والے پاکستانی گانے اور ان کی دھنیں تو چوری کرتے ہی تھے اور یہ بات ہر کوئی جانتا ہے لیکن اب پاکستانی اداکار عمیر رانا نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان پر اپنی ایک ایسی چیز کی نقل کرنے کا الزام لگا دیا ہے کہ سن کر یقین نہ آئے۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق عمیر رانا نے اپنے مشہور ڈرامے ’پیار کے صدقے‘ میں جو ہیئرسٹائل بنایا تھا وہ کافی مقبول ہوا۔ ان دنوں عامر خان کے بالوں کا سٹائل بھی وہی ہے جسے دیکھ کر عمیر رانا نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کر ڈالی۔
عمیر رانا نے اس ویڈیو میں بظاہر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”میرے خیال میں عامر خان کو مجھے کال کرنی چاہیے کیونکہ اب تو انہوں نے میرا ہیئرسٹائل بھی کاپی کر لیا ہے۔ اس پر میں ان کی تعریف کرتا ہوں اور میں انہیں ہمیشہ سے پسند کرتا آیا ہوں۔“رپورٹ کے مطابق اس ہیئرسٹائل میں عمیر اور عامر خان کے بالوں کی ’گرے‘ رنگت تو مشابہہ ہے تاہم سٹائل قدرے مختلف ہی ہے بہرحال یہ ان دونوں فنکاروں کا معاملہ ہے اور ہم ان دونوں ہی کو اور ان کے کام کو پسند کرتے ہیں۔ تاہم ہم منتظر ہیں کہ عامر خان کا اس معاملے پر کیا موقف آتا ہے، اگر آتا ہے تو۔