ایریگیشن سوسائٹی میں خطرناک سانپوں کی بھرمار،عوام خوفزدہ
لاہور (فیصل شامی) ایریگیشن سوسائٹی میں انتہائی زہریلے سانپوں کا راج،عوام پریشان، ہزاروں زندگیاں داؤ پر لگ گئیں، یلغار سروے میں اہلیان ایریگیشن سوسائٹی نے بتایا کہ ایریگیشن سوسائٹی کوٹ لکھپت ریس کلب سے ملحقہ رہائشی علاقہ ہے جو انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث جنگل کا روپ دھار چکی ہے یلغار سے بات چیت کرتے ہوئے اہلیان ایریگیشن سوسائٹی کا کہنا تھا کہ خطرناک زہریلے سانپوں کی وجہ سے ہزاروں رہائشیوں کی زندگیاں داؤپہ لگی ہیں اور آئے روز سانپ گھروں میں گھس جاتے ہیں۔سب سے خطرناک اور زہریلا سانپ جسکا نام سنگ چور ہے نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے اہلیان سوسائٹی نے بتایا کہ ایریگیشن سوسائٹی میں بے شمار خالی پلاٹ ہیں جنکی مناسب دیکھ بھال نا ہونے کی وجہ سے جنگل کا روپ دھار چکے ہیں۔ اہلیان سوسائٹی ایریگیشن نے اعلی حکام اور محکمہ وائلڈ لائف کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایریگیشن سوسائٹی کے مکینوں کو زہریلے سانپوں سے نجات دلانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں خالی پلاٹوں کی صفائی کروائی جائے اور زہریلے سانپوں کو پکڑا جائے۔