حبیب الرحمن کا نام وقف املاک کی چیئرمین لسٹ سے نکال دیا گیا
لاہور(خبر نگار)حبیب الرحمن گیلانی کا نام متروکہ وقف املاک بورڈ کے متوقع چیئرمین کی لسٹ سے نکال دیا گیا ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے پانچویں مرتبہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کا معاملہ کابینہ کے ایجنڈے پر لانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں کوششوں کا آغاز کیا جاچکا ہے وزارت مذہبی امور کی جانب سے شارٹ لسٹ کئے جانے کے بعد تین نام نسیم لابر، لیفٹیننٹ جنرل (ر)مقبول احمد اور بریگیڈیئر (ر)ممتاز کے نام سامنے آئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور و بینالمذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے سال رواں 23اپریل کوچیئرمین کے شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں سے انٹرویوکئے تھے۔شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں عامرسردار، اعجاز احمدجعفر،مرزا سہیل عامر،ناصر اکرم،عالمگیر احمد خان،حبیب الرحمن گیلانی،آصف رضا شیخ،ڈاکٹر عامر احمد،بریگیڈیئر (ر)ممتاز اقبال،ڈاکٹر سید کلیم امام،جاوید بشیر سلہریا،خالد محمود رامے،اسد رفیع چندنا،حافظ احسن احمد،ڈاکٹر محسن خان،بیرسٹر چوہدری مدثر اسحاق،ڈاکٹر عظیم الرحمن خان،میاں محمد،بریگیڈیئر(ر)مجتبیٰ ترمذی،انور ملک، میاں محمد اور پریم چند ترلیجا کے نام شامل تھے۔بیورو کریسی نے پانچ بار اس معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔نسیم لابر کا نام پہلی بار چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کے امیدوار کی لسٹ میں شامل کیا گیا ہے ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے ہے ان کا گھرانہ ذوالفقار علی بھٹو،بے نظیر بھٹو،آصف علی زرداری،بلاول بھٹو زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے قریب رہا ہے نسیم لابر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ انتہائی ایماندار شخصیت کے مالک ہیں۔یاد رہے کہ مستقل چیئرمین کی تقرری تک عطاء الرحمن اس عہدہ پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔