ماں بچے کی صحت کا موثر پروگرام شرو ع کریں گے: وزیر صحت
لاہور(جنرل رپورٹر) سالانہ 30 لاکھ سے زائد بچوں کی نیوٹریشن سکریننگ ہور رہی ہے، خواجہ عمران نذیر کی بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد سے گفتگوصوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب سب سے زیادہ خوراک پیدا کرنے کے باوجود ہمارے بچے کم وزن اور خوراک کی کمی کا شکار ہیں۔غذائیت کی کمی کے بنیادی عوامل دور کرنے کے لئے ماں بچے کی صحت پر پنجاب نیوٹریشن بورڈ، آئی آر ایم این سی ایچ ایک جلد میکانزم وضع کرے گا۔ ہمارے 2000 سے زائد سنٹرز پر سالانہ 30 لاکھ بچوں کی نیوٹریشن سکریننگ کی جارہی ہے۔صوبہ میں 42000 سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے بچوں کی نیوٹریشن سکریننگ کی جارہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (BMGF) کے وفدسے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے دوران بچوں، ماؤں کی نیوٹریشن، فیملی پلاننگ، پولیو ویکسنیشن سمیت صحت عامہ کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی قیادت چیئر مین جینڈر ایکوالٹی ڈاکٹر انیتا زیدی نے کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب میں صحت مند معاشرہ کے قیام کے لئے بچوں کی نیوٹریشن کو کریکولم کا حصہ بنایا جارہا ہے۔ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور وسائل کا توازن پیدا کرنے کے لئے بھرپور عوامی آگہی مہم چلانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام سنٹرز پر فیملی پلاننگ کی کموڈیٹیز بھی موجود ہیں۔ خواجہ عمران نذیر نے پولیو کی صورتحال کے حوالہ سے کہا کہ پنجاب میں 4 سال بعد پولیو کا کیس سامنے آنا بہت بڑا صدمہ ہے۔ انسداد پولیو سمیت تمام متعدی اور وبائی امراض کے لئے ویکسنیشن مہم مزید کامیاب بنانے کے لئے نیا سسٹم لایا جارہا ہے۔خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ تمام رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت پر چند ہفتوں میں تمام آسامیوں پر ڈاکٹرز بھرتی کرلئے جائیں گے۔اس موقع پرچیئرمین جینڈر ایکوالٹی بی ایم جی ایف ڈاکٹر انیتا زیدی نے کہا کہ عورتوں میں غزائیت پوری ہوگی تو بچوں کیپرورش بہتر ہو گی۔اس موقع پر سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر سلمان اعجاز، ڈی جی پاپولیشن ویلفیئرثمن رائے، سپیشل سیکرٹری صحت محمد اقبال، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، کنسلٹنٹ نیوٹریشن سائرہ افتخار، ڈاکٹر راشدہ بانو، ڈاکٹر شبانہ اور دیگر ماہرین موجود تھے۔