ابھی تک منکی پاکس کی قسم کلیڈ ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، وزارت صحت
اسلام آباد (آئی این پی)وزارت صحت نے کہا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کے ویرئینٹ کلیڈ ون (Clade I) کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے، گذشتہ ہفتے خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے کیس کی شناخت جینوم سیکوینسنگ کے نتیجے میں کلیڈ ٹو ویرئینٹ سے کی گئی ہے۔وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 2022 سے 2023 کے درمیان ایم پاکس کے کیسز بنیادی طور پر کلیڈ ٹو سے منسلک تھے۔ یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس (ایم پاکس) وائرس کو دو بنیادی کلیڈز Clade I اور Clade II میں تقسیم کیا ہے، کلیڈ ون ویرئینٹ کلیڈ ٹو کے مقابلے خطرناک علامات کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ وزارت قومی صحت کے حکام نے کہا ہے کہ حالیہ طور پر افریقہ میں جاری ایم پاکس وبا کلیڈ ون سے منسلک ہے۔ پاکستان میں ابھی تک کلیڈ ون کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت صحت صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے، عوام کو وباؤں سے محفوظ رکھنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
وزارت صحت