افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش ناکام، 5خوارج ہلاک، 3جوان شہید، ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی 3دہشتگرد مارے گئے
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) باجوڑ میں خوارج کی پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، آپریشن کے دوران 3 جوان شہید جبکہ 5 خوارجوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش کی جسے سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے5 خوارج ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید ہونے والوں میں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات اور سپاہی وقار خان شامل ہیں، پاکستان نے بارہا افغان عبوری حکومت پر زور دیا وہ اپنی جانب موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے، توقع ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیگی۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پْرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دریں اثناء ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونیوالے نائیک عنایت خان شہید، لانس نائیک عمر حیات شہید اور سپاہی وقار خان شہیدکی نماز جنازہ باجوڑ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں عوام، پاک فوج کے سینئر افسران اور جوانوں کی شرکت کی۔شہداء کے جسد خاکی آباء علاقوں کو روانہ کر دیئے گئے جہاں انھیں مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپردِ خاک کیا جائیگا،دوسری طرف خیبرپختونخوا ہی کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انسداد دہشت گردی فورس اور سکیورٹی فورسز نے مشترکہ آپریشن میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں، پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیاجس میں سکیورٹی اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔صدر مملکت آصف زرداری نے باجوڑ میں دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے تین جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیااور دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا،انہوں نے کہا شہداء قوم کا فخر ہے، دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے سرحدی علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کیخلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں پانچ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا پاک فوج کے بہادر اور جری جوان ہمیشہ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔پوری قوم احسان مند رہے گی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی باجوڑ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنیوالے نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمر حیات خان اور سپاہی وقار کو خراج عقیدت پیش کیا، شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہارکیااورکہا غم اور دکھ کی مشکل گھڑی میں انکے ساتھ ہیں۔
دہشتگرد ہلاک