45د ن میں ریلیف نہیں دیا تو ہر قصبے سے لانگ مارچ ہو گا: حافظ نعیم الرحمن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 45دن مین ریلیف نہیں دیا تو ہر قصبے سے لانگ مارچ ہو گا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پورے پاکستان کی معیشت کا آدھا حصہ کراچی کا ہے، صوبائی حکومت کا 97، 98 فیصد ریونیو کراچی سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اقدامات عوام دشمنی پر مبنی ہیں، کئی ممالک میں بلدیاتی حکومتوں کے پاس زیادہ اختیارات ہوتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ٹاؤن اور یو سیز کی سطح پر جو اختیارات منتقل ہونے چاہیے وہ نہیں ملے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ٹھیکیداری نظام کے تحت چل رہا ہے، میئر اور وزیرِ بلدیات کا اختیار ہے، ٹاؤن والوں کو اختیار نہیں دیا۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 160 بلین سے زیادہ وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کو ملتا ہے، فارم 47 پر آ جاؤ، بندے غائب کرو اور کہو کہ ہم جمہوری ہیں، 230ملین ڈالر کا کلک ادارہ بنایا گیا، کام کہاں نظر آ رہا ہے؟انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے حصے کا کام کر رہی ہے، ہمارے پاس 9 ٹاؤن ہیں، پی پی نے جو کچھ کیا وہ سب کے سامنے ہے، غیر جمہوری طریقے سے بلدیاتی نظام پر قبضہ کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے آخر وقت تک کوشش کی کہ بلدیاتی انتخابات نہ ہوں، ایم کیو ایم کو لوگوں نے انتخابات میں مسترد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں دو ماہ کے لیے 14 روپے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان کیا گیا، پورے پاکستان کے لیے بجلی کا ٹیرف کم کیا جائے، لاڈلے تمہارے آئی پی پیز والے اور بوجھ ہم اٹھائیں ایسا نہیں ہوگا، بلوچستان سے گیس نکل رہی ہے تو بلوچستان ترجیح ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سہولت فائر وال کی وجہ سے خراب ہو چکی ہے، دنیا میں بدنامی ہو رہی ہے اور فری لانسرز کو مسائل کا سامنا ہے۔