کراچی میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا اہم رکن گرفتار
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گینگ کا اہم رکن گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ غیر قانونی طور پر ایران جانے والے 8 مسافروں کو حراست میں لیا گیا جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر ایران جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔ملزمان کی نشاندہی پر ماڈل کالونی کے قریب چھاپہ مارا گیا جہاں انسانی اسمگلر محمد آصف کو دیگر 8 مسافروں کے ساتھ حراست میں لیا گیا، ملزمان غیر قانونی طریقے سے ایران کے راستے رومانیہ اور اٹلی جانا چاہتے تھے۔ایف آئی اے نے بتایا کہ انسانی اسمگلر نے ایران میں مقیم ایجنٹ کی مدد سے 18 لاکھ روپے فی کس ادائیگی کا مطالبہ کیا، 3 سے 5 لاکھ روپے فی کس پیشگی وصول کیے گئے جبکہ باقی رقم رومانیہ اور اٹلی پہنچنے پر دینی تھی۔ترجمان کے مطابق انسانی اسمگلر تنویر احمد اور آصف علی 8 مسافروں کیلیے سربیا کا ویزا حاصل کر رہے تھے، سربیا پہنچنے کے بعد مسافروں کو سڑک کے راستے رومانیہ اور اٹلی اسمگل کیا جانا تھا، انسانی اسمگلر تنویر احمد کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔