عمران خان کیخلاف سنگین منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا ہے،علیمہ خان
راولپنڈی (آئی این پی)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو سیاسی منظرنامے سے ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے،عمران خان کے خلاف کوئی اقدام اٹھایا گیا تو اکیلے ہی سڑکوں پر احتجاج کرونگی،کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا ایک ویڈیو میں دعوی کیا کہ انہیں اطلاعات مل رہی ہیں کہ عمران خان کو "ختم" کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا ہے۔ علیمہ خان نے مزید کہا کہ اگر اس سازش کا مقصد عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں فوری سزا دلوانا اور انہیں جیل میں ڈالنا ہے تو ہم اس کے خلاف سخت ردعمل دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر عمران خان کے خلاف کوئی اقدام اٹھایا گیا تو وہ اکیلے ہی سڑکوں پر احتجاج کریں گی اور کسی کی مدد کی ضرورت نہیں ہوگی۔ علیمہ خان نے چیف جسٹس جسٹس قاضی فائز عیسی کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی باتیں عمران خان کو سیاسی منظر سے ہٹانے کی سازش کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود بھی یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر جسٹس قاضی فائز عیسی کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہوئی تو موجودہ سیاسی حالات تبدیل ہو سکتے ہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسی نے پہلے پاکستان تحریک انصاف کو نشانہ بنایا اور اب عمران خان کے خلاف بھی سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، اس ساری سازش کا مقصد عمران خان کو ختم کرنا ہے۔ علیمہ خان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ اس صورتحال کے خلاف آخری دم تک لڑیں گی۔
علیمہ خان