انتخابات 2024ء نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ 48فیصد رہا: پلڈاٹ
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈیولیپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) نے عام انتخابات 2024 (بقیہ نمبر40صفحہ7پر)
میں نوجوانوں کی شمولیت کے بارے میں رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 48 فیصد رہا جوکہ ملکی تاریخ میں نوجوانوں کا سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ ہے۔پلڈاٹ کے مطابق 2024 کے انتخابات میں نوجوانوں کا ووٹر ٹرن ؤآٹ 2018 کے انتخابات کے مقابلے میں 11 فیصد زیادہ تھا اور نوجوان ووٹرز کا ٹرن آٹ مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ سے بھی زیادہ رہا۔پلڈاٹ کے مطابق مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں کم تھا لیکن نوجوانوں کے ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہوا، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن میں 18 سے 35 سال کے رجسٹرڈ ووٹرز 44.2 فیصد تھے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے2018 میں 18 فیصد اور 2024 میں 11 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودئیے، جبکہ پی ٹی آئی نے 2018 میں 17 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے تھے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایم کیوایم نے 2018 میں 17 فیصد اور 2024 میں 19 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے، مسلم لیگ ن نے 2018 میں 13 فیصد اور 2024 میں 11 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کودئیے، اس کے علاوہ ٹی ایل پی نے2018 میں 36 فیصد اور 2024 میں 28 فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دئیے۔پلڈاٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 48 فیصد نوجوانوں کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی ہے، 45 فیصد نوجوانوں کے مطابق سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری جبکہ 31 فیصد کے مطابق ملک کا سب سے بڑا چیلنج مذہبی انتہا پسندی ہے۔
پلڈاٹ