2بندے تحریک انصاف کی بدنامی کا باعث بنے ، اب ہم رکنے والے نہیں، تمام لوازمات کیساتھ آئیں گے: شیر افضل مروت

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک )پی ٹی آئی رہنما شیرافضل مروت نے کہا ہےکہ 22اگست کو جلسے سے رکنے والے نہیں‘تمام لوازمات کے ساتھ آئیں گے کسی نے کوشش کی بھی توروک نہیں پائے گا.بانی پی ٹی آئی سے پرانی ملاقاتوں میں اخذ کیا وہ جنرل(ر) فیض حمیدسے خوش نہیں تھے۔جنرل فیض کے بارے میں میری پرانی اور آج کی رائے ایک ہی ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں میزبان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں تجزیہ کار منیب فاروق اور سینئر صحافی شبیر ڈار نے بھی شرکت کی ۔
رہنما تحریک انصاف شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے پرانی ملاقاتوں میں اخذ کیا وہ جنرل فیض حمید سے خوش نہیں تھے۔جنرل (ر)فیض حمیدکے بارے میں میری پرانی اور آج کی رائے ایک ہی ہے۔جنرل فیض پہلے باجوہ کا آدمی تھا، اس سے زیادہ اپنے لیے کام کررہا تھا۔ جنرل فیض کا سیاسی کردار قابل مذمت ہے ، وہ اپنے لیے کام کرتے تھے، پی ٹی آئی کو نقصان ہوا ‘2018 ءسے2023ء تک حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کا جو گٹھ جوڑ تھا۔بہت سارے عوامل جس میں عسکریت پسندوں کو لانایہ پالیسی باجوہ یا اسٹیبلشمنٹ کی ہوا کرتی تھی لیکن عمران خان کو اعتماد میں لے لیتے تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل فیض حمید کی جوڑ ی پی ٹی آئی کے لیے بدنامی کا باعث بنی۔خیبر پختونخوا کے70 فیصد علاقوں میں بے امنی ہے۔میرے خلاف کوئی لب کشائی کرے گا تو میڈیا پر جواب نہیں دوں گابانی پی ٹی آئی کو بتاؤں گا۔بانی پی ٹی آئی تک محدود رسائی سے متعلق حماد اظہر کی بات کچھ حد تک درست ہے۔22 اگست کو جلسے سے روکا گیا تب بھی ہم رکنے والے نہیں۔کے پی کا قافلہ بہت بڑا ہوگا ، کرینوں اور تمام لوازمات کے ساتھ آئیں گے،کسی نے کوشش بھی کی تو روک نہیں پائے گا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہم اتنے آرگنائزڈ ہیں کہ ہم ان کا سامنااچھی طرح کرسکتے ہیں ۔کوئی ہم پر آنسو گیس یا گولی چلانا چاہتا ہے اور9 مئی بنانا چاہتا ہے تو ہم روک تو نہیں سکتے ہیں۔