سندھ حکومت حسد نہ کرے، ہمت کر کے اپنے عوام کو ریلیف دے: عظمیٰ بخاری
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سندھ حکومت 3 دن سے پریشان ہے کہ پنجاب حکومت نے عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف کیوں دے دیا ہے۔ سندھ حکومت حسد نہ کرے، ہمت کرے اور سندھ کے عوام کو ریلیف دے۔ مریم نواز نے اپنے صوبے کے فنڈز سے اپنے عوام کو ریلیف دیا ہے۔ کتنے دکھ کی بات ہے کہ عوامی جماعت ہونے کے دعویدارعوامی ریلیف کے خلاف ہی بیانات دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعید غنی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ کو اپنے صوبے کے عوام کی فکر ہے۔ عوامی ریلیف کے اقدام پر فضول قسم کی سیاست کرنا باعث تعجب ہے۔ مریم نواز ، نواز شریف کی بیٹی ہے اور نواز شریف نے ہمیشہ عوام کی بات کی ہے۔ عوامی جماعت ہونے کے دعویدار کے تمام وزراء اور ترجمان 3 دن سے عوامی ریلیف کے ہی خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ جب آپ عوام کے دعویدار بنتے ہیں تو مشکل کی گھڑی میں عوام کو ریلیف دینے سے گھبرا کیوں رہے ہیں۔ہمت کریں آپ بھی سندھ کے عوام کو ریلیف دیں، تحریک انصاف کی لائن فالو مت کریں۔