"اب ہوگا ہنرمند اسیر" پروگرام کے تحت جیلوں میں نوعمر اسیران کی ٹیکنیکل تربیت شروع
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )محکمہ داخلہ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز وژن کے مطابق مثالی اقدام اٹھایا ہے اور "اب ہوگا ہنرمند اسیر" پروگرام کے تحت جیلوں میں نوعمر اسیران کی ٹیکنیکل تربیت شروع کر دی گئی ہے۔ نوجوان اسیران کو LED الیکٹرک بلب، SMD سیلنگ لائٹ اور استری کی تیاری و مرمت کی تربیت دی جا رہی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدی بچوں کو ہنرمند بنانے پر کام ہو رہا ہے تاکہ وہ رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت روزگار کما سکیں۔ پنجاب کی جیلوں میں 15 ہزار ایل ای ڈی بلب نصب ہیں جبکہ 2 ہزار سے زائد ایل ای ڈی بلب ہر ماہ خرابی کے باعث تبدیل کیے جاتے ہیں۔ اب ماہرین کی زیرنگرانی تربیت یافتہ قیدی خراب ایل ای ڈی بلبوں کی مرمت سے تجربہ حاصل کر رہے ہیں۔ اس منصوبے سے ہر ماہ لاکھوں روپے کی بچت کیساتھ قیدیوں کو مفید شہری بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ جیلوں میں نصب کیے جانے والے بلبوں کی خریداری کی مد میں سالانہ 30 لاکھ روپے کی بچت بھی ہو گی۔ جیلوں میں دی جانے والی تکنیکی تربیت سے نوجوان قیدی رہائی کے بعد معاشرے میں باعزت رزق کما سکیں گے۔ ماہرین کی زیر نگرانی تربیت کا آغاز ڈسٹرکٹ جیل لاہور سے کیا گیا جسے مرحلہ وار پنجاب بھر کی جیلوں میں پھیلایا جا رہا ہے۔