چھوٹے جرائم کی پاداش میں جیلوں میں موجود قیدیوں سے متعلق نئی پالیسی سامنے آگئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے چھوٹے جرائم کی پاداش میں جیلوں میں موجود قیدیوں کو جیلوں سے نکال کر مختلف قسم کے تعمیری کاموں پر لگانے کی منظوری دے دی۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پنجاب حکومت کی قائمہ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کے 8ویں اجلاس میں محکمہ داخلہ کی طرف سے تجویز پیش کی گئی تھی کہ چھوٹے جرائم میں ملوث قیدیوں کا کنٹرول ڈپٹی کمشنرز کے حوالے کیا جائے، جو ان سے ان کے ہنر اور صلاحیت کے لحاظ سے مختلف کام لیں۔
رپورٹ کے مطابق اس نئی مجوزہ پالیسی کے تحت معمولی جرائم کی پاداش میں قید لوگوں کو جیلوں سے نکال کر صفائی ستھرائی اور شجرکاری جیسے کاموں پر لگایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان میں سے جس قیدی کے پاس جو ہنر ہو گا، اس سے وہ کام لیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے اس مجوزہ پالیسی کی منظوری دیتے ہوئے جائزے کے لیے اسے صوبائی کابینہ کو بھجوا دیا ہے۔ کابینہ سے منظوری ملنے کے بعد یہ پالیسی لاگو ہو جائے گی۔