وزیر اعلیٰ سیلاب متاثرہ عوام کا دکھ بانٹنے پہنچ گئیں،ریلیف آپریشن کی نگرانی کیلئے راجن پور کا دورہ، رود کوہی اور سیلاب سے بچاؤکیلیے مؤثر پلان طلب کر لیا

Aug 20, 2024 | 10:30 PM

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کے لئے ریلیف آپریشن کی نگرانی کے لیے راجن پور کاد ورہ کیا۔وزیر اعلیٰ  پنجاب کے آخری ضلع کے دور دراز علاقے حاجی پور میں عوام کا دکھ بانٹنے پہنچ گئیں۔ وزیراعلیٰ  نے ہیلی کاپٹر پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ نے راجن پور کے نواحی قصبہ حاجی پور تک سڑک کے اطراف سیلابی پانی کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل فاضل پور میں حاجی پور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ اور حاجی پورمیں متاثرین سیلاب کے لیے قائم میڈیکل کیمپ کا معائنہ کیا اور سیلاب متاثرین کے لیے ادویات اور طبی عملے کی فراہمی کے امور کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں متاثرین کے لیے قیام و طعام کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرہ لوگوں کے درمیان جاکر بیٹھ گئیں۔ انہوں نے سیلاب متاثرین سے انتظامات اور میسر سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

 وزیر اعلیٰ  سیلاب متاثرہ لوگوں کیساتھ گھل مل گئیں اور بزرگ خاتون نے درازی عمر اور صحت مندی کی دعائیں دیں۔ وزیر اعلیٰ نے ریلیف کیمپ میں موجود بیمارخاتون کے علاج کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی مریم نواز نے کیمپ میں موجود خواتین کو دلاسہ دیا اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔انہوں نے متاثرین کو مکمل بحالی تک تعاون اور ذاتی مانیٹرنگ کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ  نے رود کوہی اور سیلاب سے بچاؤکے لیے مؤثر پلان طلب کرلیا۔ راجن پور ضلع میں کاہاسلطان رود کوہی کے پانی کو محفوظ کرنے کیلئے ڈیم بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے جانی نقصان نہ ہونے پراللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں۔سیلاب متاثرین کی بھرپور مدد کی جائے، کوتاہی برداشت نہیں۔ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے خود نگرانی کررہی ہوں۔ وبائی امراض اور بیماریوں سے بچانے کے لئے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اگلے سال راجن پور کی آبادیوں میں سیلاب نہیں ہونا چاہیئے۔  ہرسال لوگوں کوبے گھر ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر پلان تیار کیا جائے۔مسائل اور پریشانیوں کا ادراک ہے، حل کیے بغیر نہیں رکیں گے۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کمشنر کو فصلوں اور گھروں کے نقصانات کی تخمینہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر آبپاشی کاظم پیرزادہ اور کمشنر کی طرف سے ریسکیو اور ریلیف اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوہ سلیمان سے چھاچھڑ، کالا بگا کھوسڑا اور کاہا سلطان رودکوہیوں سے تحصیل جام پور کے علاقے زیر آب آگئے۔ ضلع راجن پور کے 54 مواضعات کا 6072 ایکٹر اراضی متاثر ہوئی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، شیر علی گورچانی، ارکان اسمبلی،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹریز، ڈی سی، ڈی پی او اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ 

مزیدخبریں