راولپنڈی چیمبر میں سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالوں کیلئے دُعائیہ تقریب

راولپنڈی چیمبر میں سانحہ پشاور میں شہید ہونیوالوں کیلئے دُعائیہ تقریب

راولپنڈی( نیٹ نیوز )راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پشاور اسکول حملہ میں جام شہادت نوش کرنیوالوں کی مغفرت اور ایصال ثواب کے لئے قر آن خوانی اورخصوصی دُعا کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر چیمبر سید اسد مشہدی، سابق صدور سہیل الطاف، سید علی رضا سعید شاہ، منظر خورشید شیخ ،ارکان مجلس عاملہ اور دیگر ممبران چیمبر بھی موجو دتھے۔ اس موقع صدر چیمبرسید اسد مشہدی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ سانحہ ملک کی تاریخ کا سب سے المناک سانحہ ہے جس میں اتنی بڑی تعداد میں بیگناہ اور معصوم بچوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیااور آج ارض وطن کا ہر درمند دل انتہائی دکھ کی کیفیت سے گزر رہا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے ،اس واقعہ کی جتنی مذمت کیجائے کم ہے،راولپنڈی چیمبر غم کی اس گھڑی میں شہیدوں کے لواحقین کے ساتھ ہے اور دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شہیدوں کو جنت الفردوس میں بلند مقام عطا فرمائے اور ورثاء کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔صدر چیمبر نے کہا کہ اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے اور پاکستانی قوم کی خاص بات یہ ہے کہ ہر درد ناک حادثہ قوم کو مزید متحد کر دیتا ہے اور یہی بات دشمنوں کے لئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ، ملک کی کاروباری برادری ہمیشہ ہر مشکل وقت میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا ۔تقریب سے سابق صدر سہیل الطاف نے بھی خطاب کیا اور معصوم شہادتوں کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے انکی مغفرت کی دعا کی ۔آخر میں اجتماعی دعا میں شہدا کی مغفرت اور ملک کی سلامتی کے لئے دعائیں کی گئیں۔

مزید : کامرس