حکومت اورپی ٹی آئی کا مسائل پر اتفاق ملکی مفاد میں ہے: اعجاز احمد حفیظ

حکومت اورپی ٹی آئی کا مسائل پر اتفاق ملکی مفاد میں ہے: اعجاز احمد حفیظ

لاہور(جنرل رپورٹر) قومی بین المذاہب ہم آہنگی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل اعجاز احمد حفیظ نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے حوالے سے حکومتی ایجنڈے کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے حزب اقتدار اور پاکستان تحریک انصاف کا باہمی اتفاق نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ ملک میں جاری مختلف گھمبیر بحرانوں کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہے میاں نوازشریف اور عمران خان کی جلد ہونے والی ملاقات قومی مفاد میں ہے اسے کسی بھی صورت میں ملتوی نہیں ہونا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنے آفس میں ایک میٹنگ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیااس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان سید غفور حیدر گیلانی اور پنجاب کے چیئرمین ملک آصف منظورکھوکھر سمیت دیگر رہنما بھی موجودتھے۔ اعجاز احمد حفیظ نے کہا کہ اس وقت ملک میں پھیلتی ہوئی دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے تمام جماعتوں کا ایک پلیٹ فارم پر اتحاد نہ صرف دہشت گردی کے قلع قمع کا باعث ہوگا اور دوسری جانب اس سے ملک بھر میں امن عامہ کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پارٹی اور تحریک انصاف کی قیادت کو دل کھول کر ایک دوسرے کو تسلیم کرتے ہوئے عوام کی بہتری کے لیے پالیسیاں رائج کرنی چاہئیں خاص طور پر مہنگائی‘ بیروزگاری اور سٹریٹ کرائم کے خاتمہ کے لیے دونوں جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر مل بیٹھ کر متفقہ لائحہ عمل طے کرنا چاہئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1