ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے زیراہتمام سانحہ پشاور کے شہداءکی غائبانہ نمازہ جنازہ ادا

ریلوے ایمپلائز پریم یونین کے زیراہتمام سانحہ پشاور کے شہداءکی غائبانہ نمازہ ...

لاہور( سٹاف رپورٹر)ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے زیراہتمام ریلوے ہیڈ کوارٹر میں آرمی پبلک سکول پشاور میںشہید ہونے والے طلباء، اساتذہ و دیگر شہداءکی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ جس میں ریلوے کے جنرل مینجر محمد جاویدانور، ایڈیشنل جنرل مینجر رانا ابرار، ممبر فنانس غلام مصطفی ، طارق خان سی ایم ای لوکو سمیت دیگر افسران اور یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر شیخ محمد انور، صوفی رمضان باوا، عبد القیوم اعوان، چوہدری ظفر، محمد ا نور گجر، خواجہ خواس، ناصر خان ، میاں الیاس سمیت بے شمار عہدیداران نے شرکت کی اس کے علاوہ ریلوے ملازمین کی بڑی تعداد بھی اس میں شریک تھی اور ہر آ نکھ اشکبار تھی۔ اس موقع پر پریم یونین کے مرکزی نائب صدر شیخ محمد انور نے سانحہ پشاور شدید دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ زندگی میں بے شمار مرتبہ جنازوں پر پھولوں کو سجا دیکھا ہے۔ پہلی مرتبہ پھولوں کا جنازہ دیکھ رہے ہیں شیخ محمد انور نے کہا کہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ پھانسی کے سزا یافتہ مجرموں کو سر عام سزائے موت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے تا کہ معاشرہ میں مکمل امن و سکون بھال ہو سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4