شاہدرہ ،تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 6سالہ بچی ہلاک ہو گئی

شاہدرہ ،تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے 6سالہ بچی ہلاک ہو گئی

 لاہور(کرائم سیل)شاہدرہ کے علاقہ میں تیز رفتار ٹرک نے 6سالہ بچی کو ٹائروں تلے روند ڈالا ۔پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بدو منڈی نارروال کا رہائشی شاہد محمود لاہور آیا تھا جہاں شاہدرہ کے علاقہ 25نمبرسٹاپ کے قریب اس کی فیملی سڑک کراس کر رہی تھی کہ ایک تیز رفتار ٹرک کی زد میں آ گئی۔فیملی کے باقی افراد حادثہ میں محفوظ رہے البتہ شاہد محمود کی 6 سالہ بیٹی فائزہ ٹرک سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔عینی شاہد محمد وقار اور حسن کے مطابق حادثہ کے بعد فوری طور پر ریسکیو 1122کو اطلاع دی گئی جنہوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کیا جہاں وہ دو گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہداکٹھے کر کے ٹرک ڈرائیور محمد ریاض کو حراست میں لے لیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ نمبر 1815دفعہ 322کے تحت درج کر لیا ہے۔جبکہ متوفیہ کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا گیا ہے۔

مزید : علاقائی