سانحہ پشاور میں شہید معصوم بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، امین وینس

سانحہ پشاور میں شہید معصوم بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، امین وینس

  لا ہور (وقائع نگا ر خصو صی )دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر جد و جہد کرنا ہو گی۔ سانحہ پشاور میں شہید ہونے والے معصوم بچوں کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس لائن میں ہونے والے سٹی ٹریفک پولیس کے دربار سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن محمد امین وینس نے مزید کہا کہ وارڈنز عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کریں۔ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھیں مشکوک افراد کے بارے میں متعلقہ پولیس یا افسران کو فوری اطلاع دیں۔ دربار میں چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ، ایس پی سٹی رانا شجاعت، ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اظہر گجر اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ وارڈنز کا کردار ہمارے معاشرے میں رول ماڈل ہے جو کہ ہر وقت براہ راست شہریوں سے وابستہ رہتے ہیں۔ وارڈنز اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور ہمہ وقت جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر شہریوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے۔ وارڈنز ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ٹریفک پولیس اور ضلع پولیس مل کر کالے شیشے والی گاڑیوں اور مشکوک افراد کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنائیں۔ اس دوران شہریوں سے رویہ انتہائی نرم اور شائستہ رکھیں۔ تقریب کے اختتام پر سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ نے سی سی پی او کی آمد پر شکریہ ادا کیا انہوں نے چوبرجی چوک میں شہری سے موبائل چھیننے والے ڈاکو کو پکڑنے والے دو ٹریفک وارڈنز کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٖٹس دینے کا اعلان کیا۔ سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی مدد کے سلسلے میں ٹریفک پولیس کی کوششیں قابل ذکر ہیں اس حوالے سے وارڈنز کو جدید ترین آلات سے آراستہ کیا جا رہا ہے اور سٹی ٹریفک پولیس بین الاقوامی معیار کی فورس بن کر سامنے آئی ہے۔

مزید : علاقائی