جی ایچ کیو اور جنرل (ر)مشرف پر حملے میں ملوث ڈاکٹر عثمان اور ارشد کو پھانسی ،مزید 8دہشتگردوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کسی بھی لمحے پھانسی کا امکان

جی ایچ کیو اور جنرل (ر)مشرف پر حملے میں ملوث ڈاکٹر عثمان اور ارشد کو پھانسی ...

                       فیصل آباد+ لاہور(بیورورپورٹ+ خصوصی رپورٹ)جی ایچ کیو و سری لنکن ٹیم پر حملہ اور سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف پر حملوں کے واقعات میں سزائے موت پانے والے دو دہشت گردوں عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور ارشد محمود کو گزشتہ رات 9بجے ڈسٹرکٹ جیل میں پھانسی دے دی گئی دونوں مجرم عقیل احمد عرف ڈاکٹر عثمان ولد نذیراحمد تحصیل کہوٹہ اور ارشد محمود عرف ٹیپو ولد انور قریشی سید پورہ ضلع راولپنڈی کے رہائشی تھے پھانسی سے قبل دونو ں مجرموں کو گزشتہ رات پاک آرمی اور ایلیٹ فورس کی سخت نگرانی میں فیصل آباد سنٹرل جیل سے فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں منتقل کر دیاگیا جن کے بلیک وارنٹ پہلے ہی جاری کئے گئے تھے ان دہشت گرد قیدیوں کی ڈسٹرکٹ جیل منتقلی سے ڈیڑھ دو گھنٹے قبل دونوں جیلوں کے درمیانی علاقہ اور سڑکوں پر ہر قسم کی آمدورفت بند کر دی گئی اور کرفیو جیسی فضا میں منتقلی کا عمل مکمل کیا گیا اس مقصد کیلئے بکتر بند گاڑیوں سمیت جدید ترین سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے تھے دونوں قیدیوں کی ڈسٹرکٹ جیل میں منتقلی کے کچھ دیر بعد ہی ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کر دیا گیا جو ضابطہ کے تحت پھانسی گھاٹ تک لے جانے سے قبل کیا جاتا ہے جبکہ عدالتی کارروائی مکمل کرنے کیلئے متعلقہ مجسٹریٹ بھی جیل پہنچ چکے تھے دونوں قیدیوں سے ان کا آخری بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیادونوں مجرموں کی نعشیں وصول کرنے کیلئے کہوٹہ سے پولیس بھی پہنچ چکی تھی جبکہ مجرم عثمان کا والد اور ارشد کا بھائی بھی جیل کے باہر موجود تھے پھانسی گھاٹ تک جانے سے پہلے دونوں مجرم موقع پر موجود افسران کی منتیں کرتے رہے اور معافیاں مانگتے رہے ماضی میں آخری پھانسی 2008ءمیں دی گئی اور اب تقریباً6سال بعد پہلی پھانسی فیصل آباد میں دی گئی قبل ازیں پھانسی کی سزا صبح فجر کے وقت دی جاتی تھی مگر غیر معمولی حالات اور قانون میں ترمیم کی گئی جس کے تحت پھانسی دینے کے وقت کی پابندی ختم کر دی گئی ۔ دریں اثناءمزید 8 دہشتگردوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردئیے گئے ہیں جنہیں اگلے 24 گھنٹوں میں پھانسی پر لٹکادیا جائیگا۔ ان میں سے 4 دہشتگرد کوٹ لکھپت جیل لاہور، 2 اڈیالہ جیل راولپنڈی، ایک شاہ پور صدر اور ایک دہشت گرد سیالکوٹ جیل میں ہے۔ ذرائع کے مطابق کوٹ لکھپت جیل لاہور میںموجود 4 دہشت گردوں کو آج ہفتے کی صبح 4 بجے پھانسی دئیے جانے کاامکان ہے۔

مزید : صفحہ اول