سراج الحق کی اپیل پر شہداء پشاور کیلئے لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد سمیت ملک بھر میں دعائیہ تقریبات

سراج الحق کی اپیل پر شہداء پشاور کیلئے لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد ...

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر سانحہ پشاور کے شہداء کے لیے لاہور،کراچی ، پشاور ، کوئٹہ ، اسلام آباد سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں اور یوم دعا منایا گیا ۔ اس موقع پر نماز جمعہ کے بعد مساجد میں اجتماعی دعا اور توبہ و استغفار کیا گیا اور شہدا کے والدین کے لیے صبر جمیل اور پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمہ ، قوم کے اتحاد اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعا مانگی گئیں اور اس ظالمانہ اقدام کی مذمت کی گئی ۔ سرا ج الحق نے سانحہ پشاور کی وجہ سے 21 دسمبر لاہور میں ہونے والی عوامی ریلی اور 25 دسمبر کو مزار قائد پر کراچی میں منعقد ہونے والا جماعت اسلامی کا جلسہ عام ملتوی کرنے کا اعلان بھی کیا۔ سراج الحق نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے جنت کے پھولوں اور آسمان کے ستاروں کو مٹی میں دفن کیاہے یہ بہت بڑی قربانی ہے ۔ یہ قربانی ضرور رنگ لائے گی۔ جب ملکی آئین میں اللہ کی حاکمیت کو تسلیم کیا گیاہے تو اس آئین پر عمل درآمد بھی کیا جائے ۔ بدامنی اور دہشتگردی کا علاج صرف شریعت کے نفاذ میں ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے قصاص کو زندگی قرار دیاہے مگر حکمرانوں نے یورپی یونین کے دباؤ میں آ کر پھانسی کا قانون ختم کیا جس سے ملک دارالفساد بن گیا ۔ آئین میں موجود اسلامی دفعات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ جس طرح سزاؤں پر عملدرآمد کسی فرد یا گروہ کی بجائے ریاست کا حق ہے اسی طرح قاتل کو معاف کرنے کا حق بھی مقتول کے ورثا کا ہے حکومت کا نہیں ۔ صدر ، وزیراعظم اور ریاست صلح کی کوشش کر سکتے ہیں مگر قاتل کو معاف نہیں کر سکتے ۔سراج الحق نے کہاکہ ڈیڑھ سو کے قریب معصوم بچوں کا قتل ناصرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کے لیے ایک سانحہ ہے جس کی مثال تاتاریوں کے علاوہ کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے معاملات میں امریکہ اور مغرب سے اجازت لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہمیں اللہ تعالیٰ نے ایک واضح دستور دیاہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے ۔ اب حکمرانوں کو اپنا قبلہ درست کرناہوگااور واشنگٹن اور نیویارک کی بجائے اپنا رخ مکہ اور مدینہ کی طرف کرناہوگا ۔دریں انثا نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے یوم دعا کے موقع پر سید مودودی انسٹیٹیوٹ کی مسجد میں شہدائے پشاور کے ایصال ثواب کے لیے دعاکرائی اور قنوت نازلہ پڑھی ۔

مزید : صفحہ آخر