قومی انڈر19 ٹیم میں چائے والے کے بیٹے کی شمولیت
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی انڈر 19 ٹیم میں شامل کرکٹر زید عالم چائے فروش عالم خان کے بیٹے ہیں۔زید عالم کے والد عالم خان کا ٹی سٹال ہے جو ان کا ذریعہ معاش ہے، انہوں نے اس چائے سٹال سے 13 بچوں کی کفالت کی جن میں زید عالم نے قومی انڈر 19 ٹیم میں جگہ بنائی۔زید عالم ایک باصلاحیت بلے باز ہیں وہ خود بھی اپنے والد کے ٹی اسٹال پر کام کرتے ہیں اور اپنے بھائی اور والد کا ہاتھ بٹاتے ہیں۔ زید کے والد عالم خان کا کہناہے کہ انہیں اپنے بیٹے پر ناز ہے، ان کے پاس نہ اتنا پیسہ تھا اور نہ ہی انہوں نے کبھی یہ ذہن بنایا تھا کہ زید ٹیم میں جائیگا۔عالم خان کا کہنا تھا کہ اللہ کی مدد اور اپنی محنت سے زیدآگے گیا، وہ اپنے استادوں کی قدر کرتا ہے اور کبھی والدین کو بھی پریشان نہیں کیا۔زید عالم اسکول اور کلب کرکٹ کھیل کر یہاں تک پہنچا، اس نوجوان کو اپنے والد پر فخر ہے۔زید عالم نے کہا کہ ’موقع ملا تو بھرپور پرفارمنس دوں گا اور پاکستان کو چیمپئن بناؤں گا،آگے بھی اسی پرفارمنس کو جاری رکھوں گا‘۔زید عالم ان دنوں قومی ٹیم کے ساتھ آئندہ ماہ انڈر 19 ورلڈکپ کی تیاریوں کے سلسلے میں مصروف ہیں اور وہ قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے بھی پرامید ہیں۔