امریکہ اور بھارت کا اصل چہرہ دیکھئے(2)

امریکہ اور بھارت کا اصل چہرہ دیکھئے(2)
 امریکہ اور بھارت کا اصل چہرہ دیکھئے(2)

  


کیپٹن کوہلی جب ہوائی جہاز کے پیچھے گیا تو وہاں اس کی ملاقات ’’را‘‘ کے ڈائریکٹر سے ہوئی جس نے کہا کہ اپنے مہمانوں کی استقبالیہ تقریبات سے فارغ ہو کر میرے دفتر میں آجاؤ۔۔۔ اس ملاقات میں اسے بتایا گیا کہ وہ فوراً امریکہ پہنچے، ایک نہائت ضروری اور خفیہ مشن اس کا منتظر ہے۔

مشن یہ تھا کہ CIA کوہ ہمالیہ کی کسی چوٹی پر ایک ایسا مانیٹرنگ آلہ نصب کرنا چاہتی تھی جو چینی جوہری اور میزائلی تجربات کی الیکٹرانک جاسوسی کرسکے۔

کوہلی امریکہ جاتا ہے تو اسے چند امریکی سائنس دانوں کے ہمراہ الاسکا بھیجا جاتا ہے جہاں سارا سال موسم سرد اور خشک رہتا ہے۔ وہاں ایک برفانی چوٹی پر کوہلی کو اس بات کی ٹریننگ دی جاتی ہے کہ یہ آلہ کیسے فنکشن کرتا ہے اور اس کی تنصیب کیسے کی جانی ہے۔

اس آلے کا وزن ڈیڑھ من (57 کلو گرام) ہے۔ اس کو چالو رکھنے کے لئے ایک جنریٹر متعارف کرایا جاتا ہے۔ یہ جنریٹر جوہری ایندھن سے چلتا ہے۔ جب اس میں جوہری ایندھن بھردیا جاتا ہے تو وہ 100 سال تک کام کرتا رہتا ہے۔ اس سے تابکاری بھی خارج ہوسکتی ہے اس لئے اس کوہینڈل کرنے کے لئے ازبس احتیاط کی ضرورت ہے۔

کوہلی کو بتایا جاتا ہے کہ اس کی تنصیب کا سارا کام امریکی کوہ پیما اور جوہری سائنس دان کریں گے۔ اس کا کام صرف یہ ہوگا کہ وہ ایک تو ایسی چوٹی کا انتخاب کرے جو کم از کم 27000 فٹ بلند ہو، دوسرے اس جاسوسی آلے کو اٹھا کر چوٹی تک لے جانے کے لئے مزدوروں اور قلیوں (Sherpas) کا بندوبست کرے اور تیسرے ان ساری معلومات کو صیغۂ راز میں رکھے۔

کوہلی واپس نئی دہلی پہنچتا ہے تواگست 1965ء کی کوئی تاریخ ہے۔ چند روز بعد امریکی کوہ پیما اور جوہری سائنسدان بھی دہلی آجاتے ہیں جن کے پاس متعلقہ جاسوسی آلات، انٹینا اور دوسرا سازو سامان ہوتا ہے۔

فیصلہ کیا جاتا ہے کہ نندا دیوی نامی ایک ہمالیائی چوٹی پر جو 27500 فٹ بلند ہے جاکر اس آلے کو نصب کردیا جائے۔ کوہلی اس ساری ٹیم کو لے کر جب چوٹی کے قریب پہنچتا ہے تو موسم یکدم خراب ہوجاتا ہے۔

یہ سارے لوگ نندا دیوی سے پانچ سات سوفٹ نیچے ایک کیمپ پر رک جاتے ہیں اور موسم ٹھیک ہونے کا انتظار کرتے ہیں۔ موسم ٹھیک نہیں ہوتا بلکہ دن بدن خراب ہوتا جاتا ہے تو اس انڈو امریکی ٹیم کو واپس آنا پڑتا ہے۔ لیکن واپسی کا سفر اتنا ہی مشکل ہے جتنا اوپر جانے کا۔۔۔ شرپا لوگ تھک چکے ہیں اور اس 57کلو وزن کو اٹھا کر واپس کوہ ہمالہ کے دامن میں بیس کیمپ (Base Camp) تک نہیں جاسکتے۔

مصیبت یہ بھی ہوتی ہے کہ نندادیوی سے 500فٹ نیچے پہنچ کر جنریٹر میں جوہری ایندھن بھردیا گیا تھا۔اس لئے اب وہ جنریٹر آن ہے اور ایک سو سال تک آن (ON) رہے گا۔ اس سے حرارت خارج ہورہی ہے اور چار فٹ سے زیادہ اگر اس کے قریب جائیں تو حرارت محسوس کی جاسکتی ہے اس لئے کسی شرپا کی کمر پر لاد کر اس کو نیچے لانا ممکن نہیں۔’’را‘‘ کے ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کیا جاتا ہے۔

وہاں سے منظوری آتی ہے کہ ان آلات کو وہیں نندا دیوی کے قریب (کیمپ نمبر4) پر ہی چھوڑ دیا جائے۔ اگلے سال 1966)ء میں( جب کوہ پیمائی کا موسم آئے گا تو یہی ٹیم وہاں جاکر اس کو چوٹی پر نصب کردے گی۔۔۔۔ یہ 4ستمبر 1965ء کا دن ہے!

اگلے سال جب مئی 1966ء میں یہ کوہ پیما ٹیم، نندا دیوی پر جاتی ہے توکیمپ نمبر 4 سے وہ جنریٹر ہی غائب ملتا ہے۔ برفانی جھکڑوں کی تیزی اور تندی اس کو نیچے کی طرف کہیں لڑھکا دیتی ہے۔

ساری ٹیم ششدر رہ جاتی ہے۔ سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ اس نندا دیوی پہاڑ کے دامن میں جو گلیشیئرز ہیں وہاں سے دریائے گنگا نکلتا ہے جو سارے بھارت میں سب سے بڑا اور سب سے مقدس دریا ہے۔

اگر جنریٹر کہیں لڑھک کر اس دریا میں جاگرتا ہے تو جوہری ایندھن کے سیلنڈر پھٹ کر لیک کرنے لگتے ہیں اور سارا دریا تابکار ہوجاتا ہے اور لاکھوں کروڑوں انسانوں کی موت یقینی ہے۔ سارے بھارت(را) اور سارے امریکہ (CIA) میں کھلبلی مچ جاتی ہے۔

پرابلم یہ بھی ہے کہ اس خبر کو عام بھی نہیں کیا جاسکتا۔ گنگا میں تو کروڑوں ہندو ہر وقت اشنان کرتے رہتے ہیں، ان کو کیسے بتایا جائے کہ وہ دریا کے تابکار پانی سے دور رہیں۔۔۔ لیکن امریکی اربابِ اختیار کی سنگدلی ملاحظہ کریں کہ 1966ء میں دو اور چوٹیوں پر اسی طرح کے دو اور جاسوسی آلے نصب کردئے جاتے ہیں اور چین کے جوہری اور میزائلی پروگرام کی مانیٹرنگ شروع ہو جاتی ہے۔

لیکن 1968ء میں جب امریکہ اپنے سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو پھر چوٹیوں پر ان جاسوسی آلات کی ضرورت باقی نہیں رہتی اور ان کو چوٹیوں سے واپس لاکر امریکہ لے جایا جاتا ہے اور ان کی حسبِ قاعدہ ڈسپوزل کردی جاتی ہے۔۔۔ تاہم نندا دیوی کے گم شدہ جنریٹر کا مسئلہ بڑا گھمبیر ہے۔

انڈین انٹیلی جنس بیورو (IB) کا پہلا ڈی جی آر این ملک (R.N. Mullik) بہت برہم ہے اور ساتھ ہی سہما ہوا بھی ہے کہ اگر یہ جوہری ایندھن سے چلنے والا جنریٹر بازیاب نہ ہوا اور اس میں سے تابکاری لیک ہونی شروع ہوگئی تو اس کی ذمے داری کس پر ہوگی۔ تاہم ابھی تک بھارتی پبلک کو اس کی کچھ خبر نہیں۔

فوراً ہی جنریٹر کی تلاش کا دائرہ وسیع کردیا جاتا ہے۔ امریکی سائنس دان کیپٹن کوہلی کو ساتھ لے کر تیز رفتار سٹیمروں میں بیٹھ کر سارے دریائے گنگا کو چھان مارتے ہیں۔ لیکن کسی تابکار مادے کا کوئی ثبوت نہیں ملتا۔ آخر تین برس کی چھان بین کے بعد بھا بھا اٹامک سنٹر کے ڈائریکٹر چدم برم کے دفتر میں یہ سب لوگ جمع ہوتے ہیں تو اب تک کی تلاش کا لب لباب ڈسکس کرتے ہیں۔

قیاس کیا جاتا ہے کہ یہ جنریٹر نندا دیوی کے کیمپ نمبر 4 سے کسی ایوالانچ کی زد میں آگیا ہوگا اور پھر کسی جگہ راستے میں جا کر اٹک گیا ہوگا۔ چونکہ اس سے حرارت خارج ہورہی تھی اس لئے جب جوہری ایندھن کی سلاخیں (Fuel Rods) ننگی ہو گئی ہوں تو اِردگرد کی برف پگھل کر جنریٹر کو کہیں دور برف کے نیچے لے جائے گی اور وہاں کسی چٹان کی تہہ میں جاکر یہ جنریٹر رُک جائیگا اور 100برس تک وہیں ’’بیٹھا‘‘ رہے گا اور چلتا رہے گا لیکن اس سے نکلنے والی تابکاری برف کے بے تحاشا انجماد کی وجہ سے کسی دریائی پانی میں گھل کرکسی خطرے کا باعث نہیں بنے گی۔۔۔۔ چنانچہ تلاش ترک کردی جاتی ہے!

میں نے یہ سطور آپ کی خدمت میں یہ آگہی دینے کے لئے تحریر کی ہیں کہ درج ذیل نکات کی طرف آپ کی توجہ مبذول کروا سکوں:

1۔کیپٹن کوہلی آج بھی 86برس کا ہے، زندہ ہے اور فیملی کے ساتھ دہلی میں رہتا ہے۔ وہ دنیا کا ایک مشہور و معروف کوہ پیما بھی مانا جاتا ہے۔ مئی 1965ء میں اسی کی قیادت میں انڈین کوہ پیماؤں نے پہلی بار ماؤ نٹ ایورسٹ سرکی تھی۔

2۔ کوہلی نے اب تک 20کتابیں تحریر کی ہیں جو سب کی سب Best Books کے زمرے میں شمار کی جاتی ہیں۔ اس جوہری جنریٹر والے واقعے پر اس نے جو کتاب لکھی ہے اس کا نام ’’ہمالہ میں جاسوس‘‘(Spies in The Himalayas) ہے جو 2003ء میں شائع ہوئی۔

میرے پاس کوہلی کی خود نوشت کا جو نسخہ ہے اس کا عنوان ’’ ایک قدم اور‘‘(One More Step) ہے۔ یہ کتاب 2005ء میں شائع ہوئی تھی اور اسے پینگوئن بکس(انڈیا) نے شائع کیا تھا۔ اس خود نوشت میں کوہلی نے اس حیرت انگیز واقعہ پر ایک مفصل باب تحریر کیا ہے۔

3۔کیپٹن کوہلی ایک ذمہ دار اور محب وطن بھارتی شہری ہے، وہ اس طرح اپنی کتابوں میں اس انتہائی خفیہ مشن کی تفصیل نہیں بتا سکتا تھا۔ لیکن ہوا یہ کہ اس واقعے کے 13برس بعد ایک امریکی مصنف ہوورڈ کوہن (Howard Kohn) نے 1978ء میں ایک میگزین میں یہ تمام کہانی شائع کردی۔

اس میگزین کا نام Outside تھا۔کوہلی اپنی خودنوشت کے صفحہ 192پر لکھتا ہے: ’’ کوہن نے اس مضمون میں ایسی ایسی حیرت انگیز معلومات اور باتیں تحریر کی ہیں جو امریکہ، انڈیا اور باقی ساری دنیا کے لئے بہت پریشانی کا باعث ہیں‘‘۔

اس کے بعد ایک اور امریکی مصنف کینتھ کون بوائے(Kenneth Conboy) نے بھی اسی موضوع پر ایک کتاب لکھی ہے جس کا عنون ہے:’’ تبت میں CIA کی خفیہ جنگ‘‘۔ اسی طرح ایک اور کتاب جس کا نام ’’ بامِ دنیا پر جاسوس‘‘ (Spy on the Roof of the World)ہے اور جس کا مصنف سڈنی وگنل (Sydney Wingnal) ہے وہ بھی اس داستان پر سے پردہ اٹھاتی ہے۔

میں یہ تفصیل اس لئے دے رہا ہوں کہ جو قاری گوگل پر جاکر یہ معلومات حاصل کرنا چاہیں وہ ایسا کرسکیں۔ یہ تمام کتابیں ’’ایمزان بکس‘‘ سے بھی دستیاب ہیں۔ جہاں تک مجھے علم ہے ان میں سے کسی کتاب کا اُردو ترجمہ ابھی تک شائع نہیں ہوا۔

4۔ جب 6ستمبر1965ء کی پاک بھارت جنگ کا آغاز ہوا تھا تو عین اسی دن نندا دیوی پر اس جاسوسی آلے کی تنصیب کی کوششیں ہورہی تھیں۔ یہ جنگ شروع ہوتے ہی امریکہ نے پاکستان کو ہتھیاروں اور گولہ بارود کی فروخت اور فراہمی پر پابندی لگادی تھی۔

اوردکھاوے کے لئے انڈیا کے ساتھ بھی یہی ’’سلوک‘‘ برتاگیا تھا۔ یہ وہ دور تھا جب پاکستان اور امریکہ کے درمیان سیٹو اور سنٹو معاہدے بھی موجود تھے اور پاکستان سمجھتا تھا کہ امریکہ اس کا دوست ہے۔ اب قارئین کو شائد زیادہ بہتر سمجھ آرہی ہوگی کہ فیلڈ مارشل ایوب خان کو ’’فرینڈز ناٹ ماسٹرز‘‘ ان امریکی فریب کاریوں اور دھوکے بازیوں کا پردہ چاک کرنے کے لئے کیوں لکھنی پڑی تھی!

10۔ آج امریکہ جو کچھ پاکستان کے ساتھ کررہا ہے اس کا سلسلہ اگست 1947ء ہی سے شروع ہوگیا تھا۔ امریکہ کی اصل دوستی تو برطانیہ سے تھی (اور ہے) 1947-48ء کی کشمیردار، 1965ء، 1971ء اور 1999ء کی پاک بھارت جنگیں جو لڑی گئیں ان میں امریکہ کا جھکاؤ 100% بھارت کی طرف رہا، پاکستان کی طرف نہیں۔

آج بھی امریکہ اور بھارت مل کر افغانستان میں جو کچھ کررہے ہیں اور فاٹا اور بلوچستان میں جو کچھ کیا جارہا ہے اس میں امریکہ دامے، سخنے اور ’’اسلحے‘‘ شامل ہے۔۔۔ اس کے بارے میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہئے۔۔۔

11۔امریکہ کی ساری تاریخ انہی دھوکے بازیوں، کذب بیانیوں، عیاریوں اور مکاریوں سے بھری پڑی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ دیانت و امانت، لیڈر شپ صفات میں اہم ترین خوبیاں ہیں۔ لیکن امریکی دریا کے بہاؤ کے الٹے رُخ تیرتے ہیں اور کامیاب ہوتے ہیں۔

مسلمانوں کی تمام ملٹری ہسٹری میں لیڈر شپ صفات کی تعریف(Definition) مختلف ہے۔ یہی تعریف عیسائیوں اور بدھ مت کے ماننے والوں پر بھی (شائد) صادق آتی ہے۔ لیکن امریکی قوم کے مشیر تو یہودی ہیں اور یہودیوں کی ’’خوبیاں‘‘ ساری دنیا جانتی ہے۔

ہمارے آرمی چیف نے کل اپنے DGMO اور ڈی جیISI کے ہمراہ سینیٹ کے اربابِ اقتدار کو پاکستان کی سیکیورٹی پر جو اِن کیمرہ بریفنگ دی ہے، اس کی تفصیلات اگر منظر عام پر نہ بھی آئیں تو ’’آفتاب آمد، دلیلِ آفتاب‘‘ کی ضرب المثل تو ہم سب نے سن اور پڑھ رکھی ہے۔

اس کو ایک بار پھر یاد کریں تاکہ ہمیں امریکہ کا اصل چہرہ دکھائی دے سکے!

مزید : رائے /کالم