انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قراردیدیا

انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں قراردیدیا

لاہور(کامرس رپورٹر)انڈونیشیا کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں سرمایہ کاروں کو میسر سہولیات کسی بھی طور عالمی معیار سے کم نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انڈونیشیا سے پنجاب کے دورے پر آئے ہوئے بڑے سرمایہ کاروں کے ایک بڑے گروپ نے کیا۔ انڈونیشیا سے تعمیرات، خوراک ، زراعت اور آٹو موبائل سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے بڑے سرمایہ کاروں کا ایک گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے موزوں حالات کا جائزہ لینے کیلئے پنجاب کا دورہ کر رہا ہے۔ انڈونیشین وفد کی سربراہی انڈونیشیا کے صدر کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطیٰ و او آئی سی شہاب علوی کر رہے ہیں جبکہ اس میں ڈاکٹر سوغیہارتو، سوریاتریہارتو، نووی ہندرا، مس نیلہ میدتھا سمیت دیگر مندوب شامل ہیں۔ پنجاب پہنچنے پر پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے اعلیٰ افسران نے انڈونیشین وفد کا استقبال کیا جس کے بعد تعمیرات، زراعت اور آٹو موبائل کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ان کی خصوصی ملاقاتیں کروائی گئیں۔

جس کا بندوبست اور اہتمام پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت نے کیا تھا۔ ان بی ٹو بی ملاقاتوں کے بعدپنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ انڈونیشین وفد کو خصوصی طور پر فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ کا دورہ کروانے کیلئے لے گئے۔فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ دیکھ کر انڈونیشین وفد میں شامل سرمایہ کاروں نے انڈسٹریل سٹیٹ کے ڈیزائن اور منصوبے کی بے پناہ تعریف کی اور اس کو عالمی معیار کے عین مطابق قرار دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انڈونیشیا کی بڑی کمپنی پرٹامینا کیپیٹل کے نمائندے ڈاکٹر سوغیہارتو نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر ہیں جبکہ پاک چین اقتصادی راہدری کی وجہ سے عالمی طور پر پاکستان کو سرمایہ کاروں کی جنت قرار دیا جا رہا ہے۔ انڈونیشین سرمایہ کاروں نے پنجاب میں تعمیرات، خوراک، آٹو موبائل اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

مزید : کامرس