پنجاب میں صحت کا شعبوں زبوں حالی کا شکار ہے،عزیر الرحمن چن

پنجاب میں صحت کا شعبوں زبوں حالی کا شکار ہے،عزیر الرحمن چن

لاہور(پ ر)پیپلز پارٹی لاہور کے صدر عزیز الرحمن چن نے کہا ہے کہ پنجاب میں صحت کا شعبہ زبوں حالی کا شکار ہے میو ہسپتال لاہور میں خواتین وارڈ میں مرد مریضوں کا داخلہ تشویش کا باعث ہے۔ حکومت کے بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھل چکی ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں اصلاحات لانے کے حکومتی دعوے جھوٹ ثابت ہوئے ، پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے ۔

جبکہ ان ہسپتالوں میں نئی مشینری نصب کرنے کے اعلانات بھی حقیقت نہیں بن سکے۔ بجٹ مختص کرنے سے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار بہتر نہیں ہو گی۔ اس کے لئے فنڈز جاری کرنے کے علاوہ ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف نمائشی اقدامات کر کے گڈ گورننس قائم رکھنے کا تاثر دیا جا رہا ہے، عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں۔ انہیں حل کرنے کے لئے کسی سطح پر سنجیدہ اقدامات نہیں کئے گئے پیپلز پارٹی عوام کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر بھرپور آواز بلند کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ترجیحات پر غور کرے اور عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلائے ملک میں دہشت گردی، بیروزگاری، لاقانونیت اور غربت میں اضافے پر حکومت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

عزیز الرحمن چن

مزید : میٹروپولیٹن 4