طلباء کے زیرِ اہتمام اے پی ایس کے شہدا کی یادمیں واک

طلباء کے زیرِ اہتمام اے پی ایس کے شہدا کی یادمیں واک

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)گورنمنٹ کا لج یو نیورسٹی لاہورمیں طلباء اورسیکورٹی سٹاف کے زیرِ اہتمام آرمی پبلک سکول پشا ور کے شہدا کی یا د میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔واک کی قیادت خصوصی طالبعلم محمد بلال نے اپنی وہیل چیئر پر کی،جبکہ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرمحمد نظام الدین،جی سی یو وائس چانسلرپروفیسر ڈا کٹر حسن امیر شا ہ اور رجسٹرار صبور احمد خان بھی اس کے ہمراہ تھے۔واک میں جی سی یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔جن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے ،دہشت گردی کے خاتمے کے لیئے انتہا پسندی کو ختم کرنا ہوگا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے اس واقعے نے ہمیں جوزخم دیئے ہیں انہیں وقت کبھی بھر نہیں سکے گا۔کوئٹہ چرچ حملہ واضح کرتا ہے کہ خطرہ ابھی مکمل طور پر ٹلا نہیں ۔ہمیں ہر وقت محتاط رہنا ہوگا اور اس جنگ میں اپنی فوج اور سیکورٹی اداروں کا بھر پور ساتھ دینا ہوگا۔پروفیسر نظام الدین کا کہنا تھا کہ حکومت نے سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں کی سیکورٹی کے لیئے بہت سے اہم اقدامات اٹھائے ہیں ۔

تاکہ آرمی پبلک سکول پشاور جیسا کوئی واقع دوبارہ ممکن نہ ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سانحہ نے جو ہمیں تکلیف پہنچائی ہے اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔انہوں نے کہا پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن ان شہداء سے یکجہتی کے لیئے سات روزہ تقریبات کا انعقاد کر رہا ہے۔محمد بلال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں نے دہشت گرد وں کو فیل کر دیا ہے،آج ہم اپنی تعلیم کے لیئے زیادہ متحد اور پُر عزم ہیں۔اس کا کہنا تھا کہ ہم اے پی ایس پشاور کے طلباء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4