دھمکیوں اور بڑھکوں سے انصاف کو جھکانے کازمانہ گزر گیا : تحریک انصاف

دھمکیوں اور بڑھکوں سے انصاف کو جھکانے کازمانہ گزر گیا : تحریک انصاف

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ دھمکیوں اور بڑھکوں سے انصاف کو جھکانے کے زمانے اب لد گئے کیونکہ جس تحریک کی میاں صاحب دھمکیاں دے رہے ہیں اسے چند ماہ پہلے جی ٹی روڈ پر خوار ہوتے پوری قوم دیکھ چکی ہے،، قومی اداروں کیخلاف کسی شرانگیری کا منصوبہ بنایا گیا تو تحریک انصاف سڑکوں پر ہوگی۔اب خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔فواد چودھری نے کہا کہ میاں صاحب عدالت میں قطری قطری کھیلنے کی بجائے اپنا اعمال نامہ پیش کرتے لیکن اعمال نامے میں منی لانڈرنگ، کرپشن، اقاموں اور ڈراموں کے علاوہ کچھ ہوتا تو پیش کرتے۔انہوں نے کہا کہ جس عدالت نے نواز شریف کو دوبار بددیانت اور جھوٹا قرار دیا اسی عدالت نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ عدالت پر میاں صاحب کے غصے کی وجہ مقدمے کا اختتامی مراحل میں داخل ہونا ہے ‘ میاں صاحب کے پاس اپنے دفاع میں "تمہیں کیا" کے سواکہنے کو کچھ نہیں، تین سو ارب روپوں کی چوری کے دفاع میں میاں صاحب نہ کہا کہ "تمہیں کیا"۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ میاں صاحب اب بھی دھمکیاں نہ دیں اور اگر کچھ ہے تو سنجیدگی سے اسے عدالت میں پیش کریں۔

تحریک انصاف/ردعمل

مزید : صفحہ اول