پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مضبوط تعلقات کے خواہشمند ہیں : وزیر اعظم

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان مضبوط تعلقات کے خواہشمند ہیں : ...

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان مضبوط تعلقات کے خواہشمند ہیں جبکہ اے ڈی بی نے گیس، ڈھانچہ جاتی اصلاحات سمیت مختلف شعبہ جات میں پاکستان کو تکنیکی اور مالیاتی معاونت کی پیشکش کی ہے۔اس بات کا اظہاروزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر چیاؤ ہانگ یانگ کے درمیان گزشتہ روزوزیراعظم آفس میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔چیاؤ ہانگ یانگ نے وافر بجلی پیدا کرکے توانائی کی قلت پر قابو پانے کے حوالے سے پاکستان کی پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بھی حالیہ برسوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرمایہ کار پاکستان میں موجود سرمایہ کاری مواقع سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ اے ڈی بی باہمی طور پر متفقہ تمام شعبہ جات میں مالیاتی اور تیکنیکی مہارت کی فراہمی جاری رکھے گا ۔اس کے علاوہ توانائی کے شعبہ میں اے ڈی بی کی مسلسل وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے چیاؤ ہانگ یانگ نے گیس کے شعبے اورپاکستان ریلویز وپاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سمیت سرکاری ملکیت اداروں میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات متعارف کروانے کے لئے مالیاتی اور تکنیکی معاونت کی بھی پیشکش کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے بنیادی ڈھانچے کے منصوبہ جات کے لئے مسلسل معاونت پر اے ڈی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعلقات کار مزید فروغ پائیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم سے مختلف سکولوں اور اداروں سے تعلق رکھنے والے خصوصی بچوں نے ملاقات کی،اس موقع پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تعلیم ترقی کی کلید ہے لہٰذاعمر کی پرواہ کئے بغیر علم کی جستجو جاری رہنی چاہئے جبکہ حکومت خصوصی بچوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرے گی۔علاوہ ازیں پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی، وفد نے وزیراعظم کو پولٹری کے شعبہ کی صلاحیت کے مطابق ترقی اور غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کیلئے پولٹری کی صنعت کو درپیش بعض مسائل بھی اجاگر کئے۔اس موقع پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کو پولٹری کے شعبہ کی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے اور اس شعبہ سے متعلق ڈیوٹیز کے حوالہ سے مسائل کے حل کیلئے ایف بی آر، وزارت قومی غذائی تحفظ، تجارت اور پولٹری ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے پاکستان میں لبنان کی سبکدوش ہونے والی سفیر مونا التانیر نے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور خوشگوار تعلقات کے مزید استحکام کیلئے سبکدوش ہونے والی سفیر کی خدمات اور کوششوں کو سراہا۔ سفیر مونا التانیر نے پاکستان میں قیام کے دوران پرتپاک مہمان نوازی اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم

مزید : صفحہ اول