امریکہ اپنی ناکامی کا الزام پاکستان کودیتا ہے،شیریں مزاری
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ٹرمپ کی سوچ خطرناک حد تک بے معنی ہے ، امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا الزام پاکستان کودیتا ہے اور پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیاروں کے بارے میں مزید ذمہ دارانہ رویے کا ثبوت دے ۔منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں نئی امریکی نیشنل سیکورٹی پالیسی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شیری مزاری نے کہاکہ امریکہ فلسطین کے مسئلے پر مسلمانوں کو ہدف بنانے کے بعد مسلمانوں کی ایٹمی ریاستوں کو جھوٹے الزامات کے ذریعے نشانہ بنا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا بی ایم ڈی میں بھارت کیساتھ معاہدہ اور تعاون خطے میں عدم استحکام کا باعث بن رہا ہے ۔امریکہ اسرائیل اور بھارت کے درمیان تعاون خطے میں کشیدگی کا باعث ہے ۔ایٹمی ہتھیاروں کے تحفظ اور ذمہ داری کیلئے صدر ٹرمپ کو امریکی کمانڈ اینڈ کنٹرول کی ناکامی کا جائزہ لینا چاہیے ۔