جسٹس ثاقب نثاربار بنچ ڈیڈ لاک خاتمہ کیلئے ملتان کا دورہ کریں گے

جسٹس ثاقب نثاربار بنچ ڈیڈ لاک خاتمہ کیلئے ملتان کا دورہ کریں گے

لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملتان میں عدالتوں کی نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی پر بار اور بنچ کا ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لئے ملتان کا دور کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملتان کی ماتحت عدالتوں کی نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی پر جاری ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لئے وکلاء راہنماء حامد خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی، وکلاء وفد نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان کو ملتان ماتحت عدالتوں میں وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے ، انہوں نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کو یہ بھی بتایا ہے کہ ملتان کی عدالتیں نئے جوڈیشل کمپلیکس میں منتقل کرنے سے وکلاء کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے ،اس لئے ملتان کی ماتحت عدالتیں پرانی بلڈنگ میں منتقل کی جائیں جس پر چیف جسٹس پاکستان نے وکلا کے وفد کو تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ وہ خود ملتان جوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کریں گے اور ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیں گے اور اگر وکلا ء کو ملتان جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات میسر نہ ہوئیں تو کچہری کو واپس منتقل کردیا جائے گا۔

ثاقب نثار ؍ دورہ ملتان

مزید : علاقائی