اسوۂ حسنہؐ کی پیروی سے ہیہم عظمت رفتہ حاصل کر سکتے ہیں:سعدیہ راشد

اسوۂ حسنہؐ کی پیروی سے ہیہم عظمت رفتہ حاصل کر سکتے ہیں:سعدیہ راشد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستا ن کی صدر محترمہ سعدیہ راشد نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوصاف حمیدہ : ’’صداقت، امانت، دیانت، شجاعت اور سادگی‘‘ کو اپنا کر صحابہ کرام رضی اللہ عنہ نے پوری دنیا کو متاثر کیا اور آدھی دنیا حلقہ بگوش اسلام ہوگئی۔ وہ گزشتہ روز ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کے زیر اہتمام ’’نونہال سیرت کانفرنس‘‘ سے ’’صداقت، امانت اور سادگی۔ اسوۂ رسولؐ کے روشن معیار‘‘ کے موضوع پر ایک مقامی ہوٹل میں خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کے مسلمانوں میں ان اوصاف حمیدہ کا فقدان ہے اسی لیے وہ ہر معاملے میں اغیار کے محتاج ہوئے ہیں، تاہم اگر مسلمان ان اوصاف حمیدہ کے سنہری معیارات کو اپنالیں اور اسلامی تعلیمات پر ان کی روح کے مطابق عمل پیرا ہو جائیں تو کوئی وجہ نہیں ہے کہ ان کے تمام مصائب ومشکلات کا خاتمہ نہ ہو جائے، وہ پھر سے اپنی عظمت رفتہ اور سابقہ عالمی مقام کے مالک نہ بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت اور حیات طیبہ نہ صرف ہم مسلمانوں کے لیے بلکہ پوری انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ قرآن مجید میں ارشادات ربانی ہیں : ’’اور ہم نے آپ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا ہے‘‘ (سورہ انبیاآیت107:) ’’جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے اللہ کی اطاعت کی (سورہ النساء آیت 80:) ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اطاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اطاعت الٰہی ہے اور ’’حب رسولؐ ‘‘ حب الٰہی کا ذریعہ ہے۔ اس لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت اور ان کی پیروی ہر مسلمان کی زندگی کا مقصود و محور ہونا چاہیے کہ یہی صالح و کامیاب زندگی کی راہ اور روز محشر میں نجات کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر نونہال سیرت کانفرس کی مہمان خصوصی ناہید احمد نے تین بچوں کراچی سے ابراہیم نعیم اور ساہیوال، پنجاب سے اُم رومان اور محمد حارث احتشام کی رسم بسم اللہ ادا کرائی اور انہیں دعا دی کہ وہ بڑے ہو کر اچھے انسان، سچے مسلمان اور پکے پاکستانی بنیں۔ نونہال سیرت کانفرنس سے نونہال مقررین سائرہ کامران، عرفہ صادق، سید سبحان حیدر شاہ، محمد ثاقب خان، سفینہ ریاض اور زیمل نور عالم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر محفل نعت خوانی بھی منعقد ہوئی جس میں ثنا محمد رضوان، حافظہ حزیفہ عالم، عائشہ نور ، ارحمہ مرزا اور سید نصیر الدین نے خوبصورت نعتیں پیش کیں۔ نونہال مقررین اور نعت خوانوں نے گلہائے عقیدت بحضور سرور کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نہایت عقیدت و احترام سے پیش کیے۔ اس موقع پر ہمدرد کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروگرامز حکیم محمد عثمان نے کہا کہ رسالہ ہمدرد نونہال کے مدیر مسعود احمد برکاتی ایک ہفتے قبل انتقال کر گئے، انہوں نے 65 سال تک بچوں میں علم کی روشنی پھیلانے اور ان کی تربیت کرنے میں بیش بہا خدمات انجام دیں۔ انہوں نے معروف نعت خواں اقصیٰ عبدالحق کی علیل والدہ کی صحت یابی کے لیے بھی دعاکرائی۔ سیرت کانفرنس میں اساتذہ ، والدین اور بچوں نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر